تازہ ترین  
اتوار‬‮   20   جنوری‬‮   2019

وفاقی حکومت نے گلگت بلتستان کوترجیحات سے نکال دیا،سیاسی جماعتیں متحدہوں،شمس میر


گلگت(اوصاف نیوز)مشیر اطلاعات شمس میر نے کہاہے کہ پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت نے گلگت بلتستان کو اپنی ترجیحات سے نکال دیا ہے جس کا واضح ثبوت یہ ہے کہ پہلے سرتاج عزیزکمیٹی کی سفارشات کو سبوتاژ کر کے گنڈا پور کمیٹی بنادی جس نے گلگت بلتستان صوبائی سسٹم کو متاثر کرنے کی سفارشات بنائیں۔پھر 2018ء اصلاحات کے تحت اٹھارویں ترمیم کے جو اختیارات گلگت بلتستان کو ملے تھے ان پر ضرب لگائی اس کے بعد گلگت بلتستان کو جوچار بڑے سبجیکٹ توانائی،معدنیات ،جنگلات اورسیاحت منتقل ہوئے تھے انہیں ریورس گیئر لگا کرواپس وفاق کے حوالے کردیا۔اس کے بعد پی ٹی آئی سرکارنے گلگت بلتستان کی پی ایس ڈی پی اورسالانہ بجٹ گرانٹ کے فنڈز پر کٹوتی لگائی اور اب گلگت بلتستان کے بجلی منصوبوں کو ڈویلپمنٹ لسٹ سے آؤٹ کردیا ہے۔شمس میر نے کہا کہ ہم پہلے سے کہتے تھے کہ گلگت بلتستان کی سیاسی جماعتیں ہوش کے ناخن لیں اور 2018کے تحت نواز شریف نے گلگت بلتستان کو اٹھارویں آئینی ترمیم کے تحت جو عظیم الیشان اختیارات منتقل کیں تھیں اس کی حفاظت کریں اور شکر پڑھیں لیکن نام نہاد لیڈروں نے اپنی سیاست چمکانے کیلئے آج گلگت بلتستان کو ناقابل تلافی نقصان سے جہاں دوچار کیا وہاں آج بھی یہ نام نہاد لیڈر خواب خرگواش میں ہیں جبکہ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن اور ان کی صوبائی حکومت عوام کے حفاظت کیلئے وفاقی حکومت کے خطرناک عزائم کے سامنے سیسہ پلائی دیواربنی ہوئی ہے اور گلگت بلتستان کیخلاف وفاقی حکومت کی پالیسیوں پر مذاحمت کررہی ہے۔گلگت بلتستان کی نام نہاد سیاسی جماعتیں آج بھی پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت کے عزائم سے نابلد ہیں جبکہ پی ٹی آئی گلگت بلتستان پارٹی صدارت کے عہدے کیلئے دست و گریباں ہے۔شمس میر نے کہا کہ موجودہ بجلی بحران میں وفاقی حکومت نے فنڈز جاری کرنے کی بجائے روک دئیے تاکہ گلگت بلتستان میں مسلم لیگ ن کی صوبائی حکومت کو نقصان پہنچایا جائے لیکن وزیراعلیٰ حافظ حفیظ الرحمن نے صوبائی فنڈز سے بجلی جنریٹرز متاثرہ اضلاع میں چلا کر وفاقی حکومت کی سازش کو ناکام بنایا۔مشیر اطلاعات نے کہاکہ بجلی کا مسئلہ گلگت ،سکردو ،ہنزہ اور چلاس میں ہے جہاں صوبائی حکومت نے محدود وسائل کے باوجود بجلی جنریٹرز فراہم کیے ہیں اور بحران پر قابو پالیا ہے جبکہ گلگت بلتستان کے دیگر اضلاع میں بجلی وافر ہے شمس میر نے کہا کہ گلگت بلتستان کے حامل وسائل کی حفاظت کیلئے تمام جماعتوں کو سر جوڑنا ہوگا کیونکہ پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت ملک کو سیاسی اور معاشی بحران سے دوچار کرنے کے بعد اب گلگت بلتستان کا بھی تہیہ پانچہ کرنے کی سازش کررہی ہے جس کی ہم کسی بھی صورت اجازت نہیں دیںگے۔




 سب سے زیادہ پڑھی جانے والی مقبول خبریں


آج کا مکمل اخبار پڑھیں

تازہ ترین خبریں




     
     
تمام اشاعت کے جملہ حقوق بحق ادارہ روزنامہ اوصاف محفوظ ہیں۔
Copyright © 2016 Daily Ausaf. All Rights Reserved