برلن(روزنامہ اوصاف)جرمنی میں ایک شخص نے جب اپنے گھر سے باہر جانے کی کوشش کی تو مرکزی دروازے کی جگہ دیوار کو پایا۔پولیس نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ افنباخ ضلع کے قریب نامعلوم افراد نے رات کے وقت مکان کے مرکزی دروازے کے آگے اینٹوں کی دیوار تعمیر کی۔ان کا کہنا ہے کہ اس دیوار کو تعمیر کرنے کا مقصد تو واضح نہیں تاہم اسے منٹوں کے اندر اندر تعمیر کیا گیا ہو گا۔ ممکن ہے یہ کوئی مذاق ہو، بدلہ یا کسی شرط کا نتیجہ ہو۔پولیس کئی افراد کو اس حوالے سے تلاش کر رہی ہے جبکہ جائیداد کو پہنچنے والے نقصان کا اندازہ 425 پاؤنڈ لگایا گیا ہے۔ مقامی نیوز پورٹل سے بات کرتے ہوئے پولیس ترجمان نے کہا کہ اس سے مجھے دیوار برلن کی یاد آ گئی، وہ بھی انتہائی تیزی سے تعمیر کی گئی تھی تاہم ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ ایک جرم ہے نہ کہ کوئی مذاق۔