11:19 am
وہ ملک جس کے وزیر اعظم نے جنرل اسمبلی کے اجلاس میں اتنی طویل تقریر کی کہ خود بھی پسینہ پسینہ ہوگئے

وہ ملک جس کے وزیر اعظم نے جنرل اسمبلی کے اجلاس میں اتنی طویل تقریر کی کہ خود بھی پسینہ پسینہ ہوگئے

11:19 am


نیو یارک (نیوز ڈیسک) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا 76 واں اجلاس جاری ہے جس سے مختلف ممالک کے سربراہانِ حکومت کے خطابات کا سلسلہ جاری ہے۔ دنیا کے اس سب سے بڑے فورم پر تمام ممالک نے کوشش کی کہ وہ کم سے کم وقت میں انتہائی پر اثر الفاظ کا استعمال کرتے ہوئے اپنا مافی الضمیر بیان کردیں لیکن افریقی ملک پاپوا نیو گنی کے وزیر اعظم نے اس سیشن کی اب تک کی سب سے لمبی تقریر کرکے سب کو حیران کردیا۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 76 ویں سالانہ اجلاس کا آغاز برازیل کے
صدر کی تقریر کے ساتھ ہوا جس کے بعد میزبان ملک امریکہ کے صدر جوبائیڈن نے 35 منٹ طویل تقریر کی۔ سیشن کے دوسرے روز جمہوریہ کانگو کے صدر نے 39 منٹ 21 سیکنڈ ، ترک صدر رجب طیب اردوان نے 30 منٹ 26 سیکنڈ اور افریقی ملک کابو وردے کے صدر نے 30 منٹ 12 سیکنڈ طویل تقریر کی۔ جنرل اسمبلی کے سیشن سے پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے 25 منٹ 32 سیکنڈ جب کہ پڑوسی ملک بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی نے 23 منٹ آٹھ سیکنڈ طویل خطاب کیا۔رواں سال اب تک کی سب سے طویل تقریر پاپوا نیو گنی کے وزیر اعظم جیمز مراپے نے کی ہے۔ پچاس سالہ مراپے نے مائیک ملتے ہی بولنا شروع کیا تو ایسا بولے کہ چپ ہونے کا نام ہی نہیں لیا۔ اپنی طویل تقریر کے دوران پاپوا نیو گنی کے وزیر اعظم خود بھی پسینہ پسینہ ہوگئے۔ انہوں نے جنرل اسمبلی کے 76 ویں اجلاس میں 47 منٹ تین سیکنڈ طویل تقریر کی۔یہاں یہ بھی واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں سب سے لمبی تقریر کرنے کا ریکارڈ کیوبا کے آنجہانی صدر فیدل کاسترو کے پاس ہے جنہوں نے 26 ستمبر 1960 کو 269 منٹ طویل تقریر کی تھی۔

تازہ ترین خبریں