مسلم لیگ (ن) کے کارکن میرا سرمایہ ہیں کسی صورت ضائع نہیں ہونے دونگا ،محمد فاروق
  12  ‬‮نومبر‬‮  2017     |      کشمیر

پلندری(آئی این پی)وزیر اعظم آزادکشمیر وصدر مسلم لیگ ن آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے کارکن میرا سرمایہ اسے کسی صورت ضائع نہیں ہونے دینگے۔صوابدیدی آسامیوں پر تعیناتیاں کارکنوں کاحق ،بلدیاتی انتخابات کے ذریعے انہیں بااختیار بنائیں گے۔ میری حکومت کارکنوں کی حکومت ہے ان کے ساتھ کھڑا ہوں۔ کارکنوں کو سیاست میں باعزت مقام دینے کیلئے پرعزم ہیں ۔ سیاسی جماعت کی جان نوجوان طبقہ ہوتا ہے جن کو اہلیت اور صلاحیت کی بنیاد پر روزگار اور ترقی کے مواقعوں کی فراہمی ہماری ذمہ داری ہے ۔ جب وزارت عظمی کا منصب نہیں ملا تھا تو اللہ رب العزت سے وعدہ کیا کہ اگر اس نے اقتدار دیا تو طاقتور کے مقابلے میں کمزور اور حقدار کے ساتھ کھڑا ہونگا چاہے کچھ بھی ہوجائے ۔ جب آپ اللہ کے راستے پر چلتے ہیں اور اس پر توکل کرتے ہیں تو وہ آپ کی مدد اور قدم قدم پر رہنمائی کرتا ہے۔ حق تلفی اور زیادتی اللہ کو سخت ناپسند ہے جو نہ کرونگا اور نہ کرنے دونگا۔ ریاستی وسائل میرے باپ کی جاگیر نہیں کہ اٹھا کر تقسیم کرتا چلوں ۔ ہمیں اپنی آمدن میں اضافہ کرنا ہے اور عام آدمی کی مشکلات دور کرنی ہیں۔مسلم لیگ ن کے کارکنا ن مبارکباد کے مستحق ہیں کہ جنہوں نے مشکل اور تلخ فیصلوں میں حکومت کی بھرپور حمایت کی یہ جذبہ اور بڑا دل صرف ن لیگی کارکنوں کا ہے ۔ وزرا ء کو کہا ہے کہ اپنے ساتھ ایک پی آر او کے بجائے اب دو پی آر او رکھیں اور ایک ایک کارکن ایڈجسٹ کریں۔باقی جو صوابدیدی آسامیاں ہیں ان پر بھی کارکنوں کو ایڈجسٹ کرینگے مگر اپنے وسائل کے اندر رہتے ہوئے،مسلم لیگ ن خوش قسمت جماعت ہے جس کے پاس ہزاروں منظم نوجوانوں کی ٹیم موجود ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ن ضلع سدھنوتی کے صدرحاجی منشاء خان کی رہائش گاہ پر اپنے اعزاز میں دئیے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کی صدارت ضلعی صدر حاجی منشا خان نے کی جبکہ وزیر خزانہ ڈاکٹر محمد نجیب نقی،مسلم لیگ ن یوتھ ونگ کے مرکزی سیکرٹری جنرل یاسر منشا،سردار راشد صدیق، امجد ایڈووکیٹ، چوہدری الطاف، سردار شفیق سمیت مسلم لیگ ن کے ضلعی عہدیداران نے بھی خطاب کیاجبکہ اس موقع پر ڈپٹی سپیکر سردار فاروق احمد طاہر اور دیگر کارکنان و عہدیداران بھی موجودتھے۔ وزیر اعظم کا منشا خان کی رہائشگا ہ پر پہنچنے پر کارکنوں نے پرتپاک استقبال کیا۔ یوتھ ونگ کے کارکنوں نے وزیر اعظم کے حق میں نعرہ بازی کی اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ تقریب رات گئے تک جاری رہی۔ مقررین نے وزیر اعظم آزادکشمیر کی قیادت میں قائم حکومت کے اقدامات این ٹی ایس ، پبلک سروس کمیشن ، میرٹ کی بحالی اور مساویانہ بنیادوں پر تعمیر و ترقی اور دیگر اقدامات پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔ مقررین نے کہاکہ راجہ محمد فاروق حیدرخان کے والد کے ساتھ اہلیان سدھنوتی کا خصوصی رشتہ ہے ۔ وہ یہاں ہماری وکالت کے لیے تشریف لائے ۔ وزیر اعظم آزادکشمیر نے اپنے خطاب کہا کہ پونچھ دلیر اور غیور لوگوں کی دھرتی ہے جنہوں نے اپنے عمل سے یہ بات ثابت کی،پاکستان کے اندر کارکردگی کی بنیاد پر مسلم لیگ ن دوبارہ حکومت بنائے گی۔ میاں نوازشریف کی جانب سے دوبارہ عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا اعلان خوش آئند ہے ، وہ احتساب کورٹ سے سرخرو ہونگے ۔انہوں نے کہا کہ جب ہم نے حکومت سنبھالی تو ریاستی خزانے کا برا حال تھا، سابق حکومت نے ملازمین کے جی پی فنڈ ،لینڈ کمیشن کے پیسے ،

متاثرین منگلا ڈیم کے پیسے اور ایک ارب روپیہ ترقیاتی فنڈ سے تنخواہوں کی مد میں خرچ کیے ہوئے تھے۔ میرپور کی زمین 2ہزار روپے کنال فروخت کی گئی ، بجلی کے پول تک فروخت کیے گئے، 4روپے کے انجکشن 9روپے میں فروخت کیے گئے۔ہم نے کفایت شعاری اپنائی اور زکوۃ کونسل اور کسٹوڈین کی تنخواہوں میں کمی کی ۔ انتظامی اخراجات کم کیے ،ایم ایل اے فنڈز سے ادویات خریدیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ کل کو میرے کسی کارکن کی شرمندگی نہ ہو کہ اس نے ووٹ دیکر جو حکومت قائم کی تھی اس نے غلط فیصلے کیے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم سیکرٹریٹ میں شکایات و عملدرآمد کے شعبے کو مزید موثر بنایا جائیگا۔ پلندری میں پانی کی قلت کو دور کرنے ، ہسپتال کی اپ گریڈیشن اوردیگر مسائل کے حل کیلئے اقدامات اٹھار ہے ہیں ۔ جلد یہاں پھر آؤں گا اور یہاں کھلی کچہری اور جائزہ اجلاس منعقد کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہر حلقے میں یکساں بنیادوں پر تعمیر وترقی کام کیے اور اس کے ساتھ عوامی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے ترقیاتی منصوبہ جات دیے۔ مظفرآباد ڈویژن میں اس دفعہ دیگر اضلاع اور ڈویژنز کی نسبت سب سے کم ترقیاتی فنڈز دیے ہیں جبکہ اس سے پہلے یہ ہوتا تھا کہ جہاں کا وزیر اعظم ہوتا تھا وہ سب اضلاع کے فنڈز اپنے حلقے میں لے جاتا تھا۔


اس خبر کے بارے میں اپنی رائے دیجئے
پسند آئی
 
ٹھیک ہے
 
کوئی رائے نہیں
 
پسند ںہیں آئی
 
رپورٹر   :  


 سب سے زیادہ پڑھی جانے والی مقبول خبریں






  قائد اعظم محمد علی جناح  
  اسکندر مرزا  
  لیاقت علی خان  
  ایوب خان  
آج کا مکمل اخبار پڑھیں

کار ٹونز

کشمیر

کالم /بلاگ


     
     
تمام اشاعت کے جملہ حقوق بحق ادارہ روزنامہ اوصاف محفوظ ہیں۔
Copyright © 2016 Daily Ausaf. All Rights Reserved