تازہ ترین  
پیر‬‮   17   دسمبر‬‮   2018

کشمیری عوام مسلہ کشمیر کے بنیادی فریق ہیں، راجہ فاروق حیدر خان


اسلام آباد(نیو زڈیسک )وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے اندر ہندوستانی قابض افواج کی جانب سے انسانیت سوز مظالم کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے اور بین الاقوامی برادری تک مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کی درست عکاسی کرنے میں تارکین وطن بالخصوص یورپ میں مقیم کشمیری کیمونٹی نے بڑا کردار ادا کیا ہے، کشمیری عوام مسلہ کشمیر کے بنیادی فریق ہیں جن کی بات کو دنیا کے اندر بہتر انداز میں سمجھا اور سنا جاتا ہے اور بیرون ملک مقیم کشمیریوں کو اپنی اس آواز کو مزید موثر بناتے ہوئے اتحاد و یکجہتی کے ساتھ عالمی اداروں اور انسانی حقوق کے فورمز کے سامنے اٹھانا چاہیے، ہندوستان نے مقبوضہ وادی کو عملا عقوبت خانہ بنا رکھا ہے روزانہ کی بنیاد پر نوجوانوں کا قتل عام ،پیلٹ گنز کے ذریعے معصوم بچوں سے بینائی چھیننے کے واقعات میں ہوشربا اضافہ ہو گیا ہے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کی رپورٹ اور برطانوی اراکین پارلیمنٹ کی رپورٹ سے دنیا کی آنکھیں کھل جانی چاہیں ،کشمیر کونسل یورپی یونین نے دنیا بھر بالخصوص یورپ کے سامنے مظلوم کشمیری عوام کا مقدمہ جس بھرپور انداز میںاجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کیا ہے اس پر چیئرمین کشمیر کونسل علی رضا سید اور ان کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے کشمیر کونسل یورپین یونین کے چیئرمین علی رضا سید سے ملاقات کے دوران اظہار خیال کرتے ہوے کیا جنہوں نے یہاں کشمیر ہائوس اسلام آباد میں وزیر اعظم آزاد کشمیر سے ملاقات کی اور مسئلہ کشمیر کی تازہ ترین صورت حال پر وزیر اعظم سے تبادلہ خیالات کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل جموں کشمیر لبریشن سیل فدا حسین کیانی بھی موجود تھے وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ ہندوستان کو یہ جان لینا چاہیے کہ اُس کا کوئی بھی حربہ کشمیریوں کی جدوجہد کا راستہ نہیں روک سکتا اور حالیہ نام نہاد پنجائیتی انتخابات میں ایک فیصد ٹرن آوٹ نے عملا یہ ثابت کر دیا ہے کہ کشمیری عوام ہندوستان کے ساتھ کسی صورت رہنے کو تیار نہیں۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ عالمی طاقتوں کو بھی اس بات کا ادراک کرنا چاہیے کہ جس پائیدار امن کا وہ خواب دیکھتے ہیں اس کے تمام راستے مقبوضہ جموں و کشمیر سے ہو کر گزرتے ہیں جب تک کشمیری عوام کو ان کا پیدائشی حق خودارادیت نہیں مل جاتا اس وقت تک خطے میں پائیدار امن کا خواب پورا نہیں ہو سکتا ۔ انہونں نے کہا کہ کشمیری بنیادی طورپر پرامن قوم ہیں انہیں ہندوستانی فورسز کے جبرواستبداد اورغاصبانہ قبضے نے ہتھیاراٹھانے پر مجبور کیا تھا اور ان کی جدوجہد منطقی انجام تک پہنچنے والی ہے دنیا بھر میں مقیم کشمیری ان کی اس جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں ۔وزیراعظم آزادکشمیر نے یورپین پارلیمنٹ کے اندر اُن دوست ممبران پارلیمنٹ کو بھی خراج تحسین پیش کیا جو کشمیریوں پر ہونیوالے غیر انسانی مظالم کو بے نقاب کرنے کے لیے ہماری آواز کے ساتھ اپنی آواز ملارہے ہیں




 سب سے زیادہ پڑھی جانے والی مقبول خبریں


آج کا مکمل اخبار پڑھیں

تازہ ترین خبریں




     
     
تمام اشاعت کے جملہ حقوق بحق ادارہ روزنامہ اوصاف محفوظ ہیں۔
Copyright © 2016 Daily Ausaf. All Rights Reserved