11:18 am
 حکومت نے مطالبات نہ مانےتو ڈاکٹرز 21جولائی سے ہڑتال  کرینگے،تقی انور

حکومت نے مطالبات نہ مانےتو ڈاکٹرز 21جولائی سے ہڑتال کرینگے،تقی انور

11:18 am

حکومت نے مطالبات نہ مانےتو ڈاکٹرز 21جولائی سے ہڑتال کرینگے،تقی انور سولہ جولائی کو شیخ زید ہسپتال کی تمام او پی ڈیز کا بائیکاٹ کرینگے ،صدرمیڈیکل ایسوسی ایشن راولاکوٹ (نمائند ہ خصوصی )پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ضلع پونچھ کے صدر ڈاکٹر تقی انور نے پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن آزادکشمیر کے سابق صدر ڈاکٹر واجد علی خان اوردیگر ڈاکٹر ز کے ہمراہ غازی ملت پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ اگر حکومت آزادکشمیر نے پیر 15جولائی تک شیخ زید ہسپتال راولاکوٹ کیلئے پوسٹ گریجویٹ ٹریننگ کیلئے آسامیوں کی منظوری نہ دی تو منگل سولہ جولائی کو شیخ زید ہسپتال کی تمام او پی ڈیز کا بائیکاٹ کیاجائے گا او ر اس کے بعد بھی مزید کوئی پیش رفت نہ ہوئی تو 21جولائی سے مکمل ہڑتال کی جائے گی جس کا دائرہ کار نہ صرف دیگر اضلاع میں بڑھایاجائے گا بلکہ دیگر ٹریڈ یونینز ، سیاسی جماعتوں ، سول سوسائٹی کی مشاورت سے احتجاجی دھرنے سے بھی گریز نہیں کیاجائے گا ۔ پوسٹ گریجویٹ کورس نہ ہونے سے آزادکشمیر میں درجنوں ڈاکٹرز کا کئیر یئر دائو پر لگ چکا ہے ۔انہوں نے کہاکہ سی پی ایس پی کی ٹیم نے شیخ زید ہسپتال راولاکوٹ کا دورہ کیا اور ہسپتال میں سرجری اور میڈیسن کے شعبوں میں فوری طور پر پوسٹ گریجویٹ ٹریننگ شروع کرنے کی منظوری دی جبکہ دیگر پانچ شعبوں میں چند خامیاں دور کرنے کیلئے کہاگیا ۔سی پی ایس پی میںٹریننگ کیلئے 31جولائی آخری تاریخ ہوتی ہے اگر 31جولائی تک سمری منظورنہ کی گئی تو ہمارے ڈاکٹرز کو آئندہ مزید دو سال تک انتظار کرنا پڑے گا ۔پوسٹ گریجویٹ ٹریننگ حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے ۔18ویں ترمیم کے بعد تمام صوبوں نے آزادکشمیر کے ڈاکٹر ز کو پوسٹ گریجویٹ ٹریننگ دینے سے انکار کر دیا تھا جس کے بعد آزاد کشمیر میں مظفر آباد میں ایمز اور میرپور میں پوسٹ گریجویٹ ٹریننگ شروع کروائی گئی جبکہ شیخ زید ہسپتال راولاکوٹ کیلئےسی پی ایس پی کالج کی ایکریڈیشن کی منظوری کے بعد فوری طورپر سرجری اور میڈیسن میں پوسٹ گریجویٹ ٹریننگ کی منظوری دی گئی ، جس کی سمری بنا کر متعلقہ حکام کو بھیجی گئی لیکن سیکرٹری خزانہ کے دفتر سے وہ سمری ہی غائب کر دی گئی ، ڈاکٹر تقی انور نے کہا کہ پونچھ میڈیکل کالج کے خلاف شروع دن سے ہی سازشیں ہورہی ہیں اور باقی میڈیکل کالجز کوٹریننگ کی منظوری دے کر ضلعوں میںتفریق پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پوسٹ گریجویٹ ٹریننگ کیلئے خطیر بجٹ کی ضرورت نہیں ، چند لاکھ روپے سے یہ ٹریننگ شروع کی جاسکتی ہے جس سے پونچھ ڈوثیرن کے چاروں اضلاع کے لاکھوں لوگوں کو صحت کی جدید سہولیات فراہم کرنے میں مدد ملے گی اورڈاکٹرز کی کمی بھی دور کرنے میں مدد ملے گی ۔انہو ںنے وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر ، وزیر صحت ووزیر خزانہ ڈاکٹر نجیب نقی، چیف سیکرٹری آزادکشمیر مطہر نیاز رانا ، سیکرٹری خزانہ ، سیکرٹری صحت سے مطالبہ کیا کہ وہ ہنگامی بنیادو ںپر شیخ زید ہسپتال راولاکوٹ کے مسائل حل کرنے کی طرف توجہ دیں اور ڈاکٹرز کیلئے پوسٹ گریجویٹ ٹریننگ کی منظوری دیں ۔اس موقع پر ان کے ہمراہ پی ایم اے ضلع پونچھ کے نائب صدر ڈاکٹر لیاقت ، ڈاکٹر ثاقب محمود بھی موجود تھے ۔اس موقع پر پی ایم اے آزادکشمیر کے سابق مرکزی صدر ڈاکٹر واجد علی خان نے کہا کہ شیخ زید ہسپتال راولاکوٹ میں مریضوں کا بے پناہ رش ہے ، اس وقت ضلع حویلی ، سدہنوتی ، باغ اور پونچھ سے مریض علاج معالجے کیلئے آتے ہیں ، ہسپتال پرشدید دبائو کے باعث ڈاکٹرز کو بھی بے پنا ہ مسائل کاسامنا کرنا پڑتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پوسٹ گریجویٹ ٹریننگ میں کوئی بڑا بجٹ حائل نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہڑتال کے دوران شیخ زید ہسپتال میں ایمر جنسی سروس بند نہیں کی جائے گی ، ہماری کوشش ہے کہ ہم عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کریں لیکن ہمیں مجبور کیاجارہا ہے کہ ہم اپنے حقوق کیلئے باہر نکلیں ، انہوں نے انجمن تاجران ، صحافیوں، ٹرانسپورٹروں ، سیاسی جماعتوں کے زعماء کرام ، سول سوسائٹی ، وکلا سے گزارش کی کہ وہ شیخ زید ہسپتال راولاکوٹ کیلئے پوسٹ گریجویٹ کالج کی ٹریننگ کیلئے ہمارا ساتھ دیں ۔ ڈاکٹرز

تازہ ترین خبریں