07:42 pm
ایلون مسک کے ٹوئٹر خریدتے ہی ملازمین میں خوف پھیل گیا لیکن کیوں، جان کر آپ کو بھی افسوس ہوگا

ایلون مسک کے ٹوئٹر خریدتے ہی ملازمین میں خوف پھیل گیا لیکن کیوں، جان کر آپ کو بھی افسوس ہوگا

07:42 pm


نیویارک(نیوز ڈیسک) دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک نے سماجی رابطے کا پلیٹ فارم ’ٹوئٹر‘ 44ارب ڈالر میں خرید لیا ہے، جس کے بعد ٹوئٹر کے ملازمین میں اپنی ملازمتوں کے حوالے سے خوف پھیل گیا ہے، جنہیں انتظامیہ کی طرف سے وارننگ جاری کر دی گئی ہے کہ ان کی نوکریاں ممکنہ طور پر زیادہ سے زیادہ 6ماہ تک برقرار رہ سکتی ہے۔ میل آن لائن کے مطابق اس عرصے میں معاہدے کی کارروائی مکمل ہو جائے گی اور ٹوئٹر کا کنٹرول ایلون مسک کے حوالے کر دیا جائے گا، جس کے بعد ایلون مسک کی مرضی ہو گی
کہ وہ کس کو نوکری پر رکھتے اور کس کو نکالتے ہیں۔رپورٹ کے مطابق ٹوئٹر کے ملازمین کی طرف سے اس معاملے پر چیٹنگ کی صورت میں جو گفتگو کی جا رہی ہے، اس کے کچھ سکرین شاٹس سوشل میڈیا پر پوسٹ کیے گئے ہیں، جن سے اندازہ ہوتا ہے کہ ٹوئٹر کے ملازمین ایلون مسک کے کنٹرول سنبھالنے کے خیال سے ہی خوفزدہ ہیں۔ ٹوئٹر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر پراگ اگروال کی طرف سے ملازمین کو تسلی دی گئی ہے کہ فی الوقت ان کی ملازمتوں کو کوئی خطرہ نہیں ہے اور وہ کسی کی ملازمت ختم نہیں کریں گے تاہم جب 6ماہ میں کنٹرول ایلون مسک کے پاس چلا جائے گا تو اس کے بعد وہ اس چیز کے ذمہ دار ہوں گے۔ واضح رہے کہ ایلون مسک 54.20ڈالر فی شیئرکے حساب سے رقم ادا کریں گے۔ اس معاہدے کے بعد وہ ٹوئٹر کے واحد شیئر ہولڈر بن گئے ہیں۔ یہ دنیا بھر میں اب تک کسی بھی پرائیویٹ کمپنی کی خریداری کا سب سے بڑا سودا ہے۔ایلون مسک نے 2ہفتے قبل ٹوئٹر کو 44ارب ڈالر میں خریدنے کی پیشکش کی تھی جسے ابتدائی طور پر ٹوئٹر بورڈ نے مسترد کر دیا تھا۔

تازہ ترین خبریں