'24 فروری کو بسنت منانے کا اعلان' پولیس نےبھی بڑا فیصلہ کرلیا؟
  12  فروری‬‮  2018     |     پاکستان

لاہور(ویب ڈیسک) پولیس نے پتنگیں اڑانے، بنانے اور فروخت کرنے والے سابق ریکارڈ یافتہ افراد کے خلاف بھی وسیع پیمانے پر آپریشن کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔نجی خبررساں ادارے کے مطابق ڈی آئی جی آپریشز نے شہر میں پتنگ بازی کے نام پر ہونے والے خونیں کھیل کو روکنے کیلئے 12 نکاتی ہدایات نامہ جاری کر دیا ہے۔ تمام ڈویژنل ایس پیز کو ان نکات پر فوری طور پر عمل درآمد کرانے کے احکامات جاری کر دئیے گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق شہر میں کائٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے 24 فروری کو بسنت منانے کے اعلان کے بعد لاہور پولیس نے بھی پتنگ بازی کو روکنے اور ان میں ملوث افراد کے خلاف کارروائیاں عمل میں لانے کیلئے موثر حکمت عملی طے کر لی ہے۔تمام ڈویژنل ایس پیز کو 12 نکات پر مشتمل ایک ہدایات نامہ جاری کیا گیا ہے جس میں ان کو اپنی اپنی ڈویژن میں موجود پتنگ بازی اور پتنگ سازی کے جرم میں گرفتار

ہونے والے سابق ریکارڈ یافتہ افراد کا ریکارڈ مرتب کر کے ان کے خلاف کارروائی کرنے، تھانوں کی حدود میں واقع چھتوں کے مالکان سے شورٹی بانڈ لینے، تمام بڑی اور چھوٹی مساجد میں روزانہ کی بنیاد پر اعلانات کرانے، پتنگ بازی کی روک تھام کیلئے پمفلٹ کی تقسیم کرانے، اہم اور بارونق مقامات پر فلیکسز اور بینرز آویزاں کرنے، تھانے کی آپریشز اور انویسٹی گیشن کی گاڑیوں پر پتنگ بازی کی روک تھام کے حوالے سے بینرز لگوانے، پولیس اہلکاروں کے پبلک مقامات پر میگا فون پر پتنگ بازی کو روکنے کیلئے اعلانات کرانے، تمام اونچی عمارتوں پر روزانہ دوپہر اور شام کے اوقات میں دوربین سے لیس اہلکاروں کو تعینات کرنے، معززین علاقہ سے اجلاس کرنے کے ساتھ ساتھ مقامی کیبل نیٹ ورک پر پتنگ بازی کی روک تھام کیلئے اشتہارات چلوانے اور ہر تھانے کی گاڑی کے اندر سرچ لائٹ اور سیڑھی رکھنا شامل ہیں۔ان 12 نکاتی ہدایت نامے کے حوالے سے رابطہ کرنے پر ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے نجی خبررساں ادارےسے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے تمام ڈویژنل ایس پیز کو ان نکات پرفوری طور پر عمل درآمد کرانے اور اس حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر کارکردگی رپورٹ جمع کرانے کی بھی ہدایت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ پتنگ بازی ایک خونیں کھیل ہے جس کی قطعی طور پر اجازت نہیں دی جائے گی، اس کھیل کی روک تھام کیلئے عوام کو بھی پولیس کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے اپنے بچوں کو اس سے روکنا ہو گا۔


اس خبر کے بارے میں اپنی رائے دیجئے
پسند آئی
 
ٹھیک ہے
 
کوئی رائے نہیں
 
پسند ںہیں آئی
 


 سب سے زیادہ پڑھی جانے والی مقبول خبریں





  اوصاف سپیشل

آج کا مکمل اخبار پڑھیں

آج کا مکمل اخبار پڑھیں

کار ٹونز

پاکستان

کالم /بلاگ


     
     
تمام اشاعت کے جملہ حقوق بحق ادارہ روزنامہ اوصاف محفوظ ہیں۔
Copyright © 2016 Daily Ausaf. All Rights Reserved