09:45 am
نواز شریف کوجیل سے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا

نواز شریف کوجیل سے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا

09:45 am

لاہور(نیو زڈیسک) کوٹ لکھپت جیل میں طبی معائنے کے بعد سابق وزیراعظم نواز شریف کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔نجی ٹی وی چینل کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کو طبی معائنے کے
بعد کوٹ لکھپت جیل سے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ جیل ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف اسپتال جانے کے لیے راضی نہیں تھے، نواز شریف چاہتے ہیں کہ ان کا علاج جیل میں ہی ہو یا پھر لندن میں پہلے والے معالج کے پاس ہو جن سے وہ پہلے علاج کرا چکے ہیں۔جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ جناح اسپتال روانگی سے قبل ڈاکٹرز نے سابق وزیراعظم نواز شریف کا طبی معائنہ کیا، نواز شریف کے بلڈ پریشر اور شوگر سمیت دیگر ٹیسٹ کیے گئے جب کہ نواز شریف کو آج بھی ہلکا بخار ہے۔ذرائع کے مطابق جناح اسپتال میں سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، اسپتال میں تین شفٹوں میں اہلکار تعینات کیے جائیں گے، ایلیٹ فورس اور سادہ لباس میں الگ الگ نفری تعینات ہوگی جب کہ نواز شریف کے کمرے کو سب جیل ڈیکلییر کردیا جائے گا۔پولیس کے مطابق نواز شریف کے وارڈ کے باہر جیل عملہ تعینات ہوگا، صرف حکومت کے تشکیل کردہ ڈاکٹرز کے بورڈ کو کمرہ تک رسائی ہوگی، نواز شریف کے کمرے کو جانے والے راستے پر تمام ڈاکٹرز اور رشتہ داروں کی 3 جگہ چیکنگ کی جائے گی۔واضح رہے کہ گزشتہ روز سابق وزیراعظم نواز شریف کی طبیعت خراب ہونے پر کوٹ لکھپت جیل سے جناح اسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، نواز شریف کی ناسازی طبیعت کے سبب میڈیکل بورڈ نے انہیں جناح اسپتال منتقل کرنے کی سفارش کی تھی۔

تازہ ترین خبریں