08:44 am
پاپوش نگر میں چور دکان سے کروڑوں کا سونا اور ہیرے لے اُڑے

پاپوش نگر میں چور دکان سے کروڑوں کا سونا اور ہیرے لے اُڑے

08:44 am

کراچی(نیو زڈیسک) پاپوش نگرصرافہ بازارمیں سنارکی دکان میں نقب زنی کی واردات میں چورکروڑوں روپے مالیت کا سونا، ہیرے کے نگ، مصنوعی زیورات اورنقدی لے کر فرار ہوگئے۔پاپوش نگرتھانے کی حدود پاپوش نگر صرافہ بازارمیں اقبال برادرز نامی سنار کی دکان میں رات کو نقب زنی کی واردات میں نامعلوم چور کروڑوں روپے مالیت کا سونا ،ہیرے کے نگ، مصنوعی زیورات اورنقدی لے کر فرار ہو گئے دکان میں نقب زنی کی واردات کی
اطلاع مالک حاجی اقبال کو فجر کی نماز کی ادائیگی کے بعد واپس گھر جانے والے اہل محلہ نے دکان کا شٹر اٹھا دیکھ کر دی جس پر دکاندار موقع پر پہنچا اور فوری طور پر پولیس کو اطلاع کردی۔پولیس صبح 7 بجے موقع پر پہنچی اور جائے واردات سے چوروں کے فنگر پرنٹس اور شواہد اکٹھے کرکے تفتیش شروع کردی، دکان مالک حاجی اقبال کے مطابق چوروں نے دکان کے تالے توڑے اور 4 کلو سونا تجوری سمیت لے گئے چوری ہونے والے سونے کی مالیت کروڑوں روپے بنتی ہے، جب میں دکان پہنچا تو دکان تالے ٹوٹے ہوئے تھے دکان کا شوکیس بھی باہر نکلا ہوا تھا چور ایک تالا چھوڑ کر باقی تالے بھی لے گئے۔موقع پر موجود دکانداروں کا کہنا تھا کہ اس سے قبل بھی صرافہ بازار میں نقب زنی کی وارداتیں ہوئی ہیں تاہم آج تک نہ تو کوئی چور گرفتار ہوا اور نہ ہی سونا برآمد کیا گیا۔اس حوالے سے ایس ایچ اوپاپوش نگر فرخ ہاشمی نے بتایا کہ سنارکی دکان میں نقب زنی کی واردات علی الصبح 5 بجکر2 منٹ کے قریب ہوئی۔ 3 چوروں نے کٹر کی مدد سے دکان کے تالے کاٹے اور دکان میں موجود تجوری لے گئے چوروں نے 3 منٹ میں واردات مکمل کی اور سوزوکی میں سوار ہو کر فرار ہوئے۔ایس ایچ او نے بتایا کہ دکان مالک حاجی اقبال کا کہنا ہے کہ تجوری میں ڈیڑھ لاکھ روپے کی نقدی، ایک کلو سونا، ہیرے کے نگ ،مصنوعی زیورات اورکچھ شہریوں کے امانت کے طور پر رکھوائے گئے زیورات رکھے تھے جو چور لے کر فرار ہوگئے ہیں تاہم حتمی نقصان کا اندازہ ایف آئی آر درج ہونے کے بعد ہوگا انھوں نے بتایا کہ دکان میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب تھے اور نہ ہی مارکیٹ میں کوئی سیکیورٹی گارڈ یا چوکیدارموجود تھا۔پولیس نے دکان کے قریب نصب کلوزسرکٹ کیمرے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرکے واردات کی تحقیقات شروع کردی ہے۔

تازہ ترین خبریں