09:32 am
بھینسیں ، گاڑی بیچنے کے بعد وزیراعظم آفس نے کباڑ بیچنے کا اعلان کردیا ، نوٹس جاری

بھینسیں ، گاڑی بیچنے کے بعد وزیراعظم آفس نے کباڑ بیچنے کا اعلان کردیا ، نوٹس جاری

09:32 am

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم آفس نے گاڑیوں کے بعد اب کباڑ بیچنے کا بھی فیصلہ کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آفس میں استعمال شدہ ناکارہ سرکاری اشیاء کو بیچنے کا اعلان کر دیا گیا ۔ اس ضمن میں وزیراعظم آفس کی جانب سے باقاعدہ نوٹس بھی جاری کردیا گیا ہے ۔ حکومت کی جانب سے جاری نوٹس کے مطابق سرکاری اشیاء کی نیلامی 29 اپریل کو وزیراعظم ہاؤس میں ہو گی ۔ملکی تاریخ میں پہلی بار وزیراعظم آفس کے زیر استعمال گاڑیوں کی فروخت کے بعد استعمال شدہ ٹائر، ٹیوب، بیٹریاں اوردیگر پرزہ جات کو نیلام کیا جائے گا۔
نیلامی کے ذریعے دفتری سامان، فوٹو کاپی مشین، کمپیوٹر اور استعمال شدہ اسٹیشنری آئٹم بھی فروخت کیے جائیں گے۔ نیلامی میں باغ بانی سے متعلقہ آلات کو بھی فروخت کے لئے رکھا جائے گا۔وزیراعظم آفس کے کباڑ کی نیلامی وزیراعظم ہاؤس کے بری امام روڈ پر واقع گیٹ نمبر 7 کے قریب 29 اپریل کو صبح ساڑھے دس بجے ہوگی ۔نوٹس میں کہا گیا کہ کامیاب بولی دینے والے کو بولی کی کل رقم موقع پر ادائیگی کرنی ہوگی اور تمام نیلام شدہ مال اسی دن اٹھانا بھی ہوگا۔ کامیاب بولی دہندگان کو بولی کی کل اصل رقم کے علاوہ 10فیصد بطور ایڈوانس انکم ٹیکس بھی موقع پر ادا کرنا پڑے گا ۔ موقع پر موجود نیلام کمیٹی کی قمرر کردہ کم از کم قیمت سے کم کسی بھی بولی کو قبول نہیں کیا جائے گا۔دلچسپی رکھنے والے افراد سے کہا گیا ہے کہ وہ اصل قومی شناختی کارڈ کے ہمراہ مقررہ تاریخ کو بوقت ساڑھے دس بجے دن نیلامی میں حصہ لینے کے لیے پہنچیں ۔ نیلام کی جانے والی اشیا کے معائنے کے لیے بولی کے مقرر کردہ وقت سے ایک گھنٹہ قبل آنا ہوگا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ایک خبر موصول ہوئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ وزیراعظم ہاؤس کے برتن بھی فروخت کیے جائیں گے۔فروخت کے لیے پیش کیے جانے والے سامان میں تولیے اور بیڈ شیٹس بھی شامل تھیں۔ یاد رہے کہ حکومت کی کفایت شعاری پالیسی کے تحت سب سے پہلے وزیراعظم ہاؤس کی گاڑیوں کی نیلامی کی گئی تھی۔

تازہ ترین خبریں