10:51 am
عثمان بزدار کا عہدہ خطرے میں پڑگیا

عثمان بزدار کا عہدہ خطرے میں پڑگیا

10:51 am

لاہور(نیوز ڈیسک)وزیرِاعظم عمران خان کی جانب سے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں صوبائی کابینہ کے اراکین کے کام کی نگرانی کی ہدایت کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی تبدیلی سے متعلق خدشات سامنے آگئے۔وزیراعظم عمران خان نے نہ صرف وزیراعلیٰ پنجاب بلکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو بھی ہدایت کی تھی کہ وہ اپنے وزرا کی کارکردگی کا جائزہ لیں جس کے بعد وہ وفاقی کابینہ کی طرح صوبائی کابینہ میں بھی تبدیلیاں کردیں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ میں وزرا کی تبدیلی کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار بڑھتے ہوئے دباؤ،
گڈ گورننس عدم موجودگی اور بیوروکریسی کی ناکامی کی وجہ سے اپنے عہدے کے بارے میں خدشات کا شکار ہیں۔خیال رہے کہ حال ہی میں آئندہ مالی سال کے بجٹ سے قبل پنجاب میں اعلیٰ سطح پر بیوروکریسی میں تقرریاں اور تبدیلیاں دیکھنے میں آئی ہیں تاہم اس دوران بھی وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کچھ ٹرانسفرز کو روکنے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔جیسے ہی پنجاب کے وزیراعلیٰ کی تبدیلی کی افواہیں پھیلنا شروع ہوئیں تو ان کے ترجمان ڈاکٹر شہباز گل نے بنفس نفیس وزیراعظم عمران خان سے اس حوالے سے وضاحت طلب کرنے کے لیے ملاقات کی۔وزیراعظم سے ملاقات کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب کے ترجمان نے سماجی رابطے کی ویب ساائٹ پر ایک پیغام جاری کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ ’میں یہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ اس وقت وزیراعلیٰ پنجاب یا وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی تبدیلی پر غور نہیں کیا جارہا، دونوں وزرائے اعلیٰ کو وزیراعظم کا اعتماد حاصل ہے۔‘جیسا کہ صوبائی کابینہ میں موجود کم کارکردگی دکھانے والے وزرا کے سرپر انہیں عہدے سے ہٹائے جانے کا خطرہ منڈلا رہا ہے وہیں ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ وہ صوبائی وزرا کی کارکردگی سے متعلق رپورٹ مرتب کرکے پیش کریں، جو وزیراعظم عمران خان تک پہنچائی جائے گی۔گزشتہ روز پنجاب کے وزیراطلاعات صمصام بخاری سے میڈیا نمائندوں نے پنجاب کابینہ میں تبدیلی پر سوال کیا تھا تو انہوں نے واضح طور پر جواب دیا تھا کہ پنجاب کابینہ میں تبدیلی نہیں کی جارہی۔انہوں نے مزید کہا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب، وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق ہر وزارت کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہیں اور وزیر اعلیٰ اس حوالے سے کوئی بھی تبدیلی کرنا چاہیں تو کرسکتے ہیں۔انہوں نے واضح کیا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے پاس وزرا کی تبدیلی کا اختیار موجود ہے، تاہم ابھی اس اختیار کو استعمال کرنے کو کوئی ارادہ نہیں ہے۔

تازہ ترین خبریں