05:50 am
 پولیس اقلیتی برادری کے تحفظ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے، ڈی پی او کوہاٹ

پولیس اقلیتی برادری کے تحفظ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے، ڈی پی او کوہاٹ

05:50 am

کوہاٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر)کوہاٹ میں مسیحی برادری کی مذہبی تہوار ایسٹر پرامن طور پر اختتام پزیر ہوگیا۔اس موقع پر مسیحی برادری کی عبادت گاہوں کیلئے فول پروف سکیورٹی پلان مرتب کیا گیا تھا۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ کیپٹن(ر)واحد محمود نے شہر میں واقع مختلف گرجا گھروں کے اچانک دورے کئے اور مسیحی برادری کو کیک کے تحائف پیش کرکے ان سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ملک بھر کی طرح کوہاٹ میں بھی مسیحی برادری کی مذہبی تہوار ایسٹر کے تمام پروگرامات پرامن طور پراختتام پزیر ہوگئے ۔ گزشتہ روز مسیحی برادری کی مذہبی تہوار ایسٹر کے انعقاد کے موقع پر شہر کے تمام گرجا گھروں کو تحفظ فراہم کرنے کی خاطر ضلعی پولیس کی طرف سے خصوصی سکیورٹی پلان کے تحت فول پروف حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے جبکہ ڈی پی او کوہاٹ کیپٹن(ر)واحد محمود نے سیکیورٹی انتظامات کا خود جائزہ لینے کیلئے شہر کے تمام گرجا گھروں کے تفصیلی دورے کئے اور چرچز کی سکیورٹی پر تعینات پولیس اہلکاروں کو حفاظتی تدابیر اور سکیورٹی امور کے متعلق خصوصی ہدایات جاری کئے۔ضلعی پولیس سربراہ نے مسیحی برادری کے رہنمائوں اور گرجا گھروں کے منتظمین سے بھی ملاقات کی اور اظہار یکجہتی کے طور پر انہیں کیک کے تحائف پیش کئے ۔ چرچوں کے دورے کے موقع پر ڈی پی او نے سکیورٹی انتظامات کو اطمینان بخش قرار دیا اور حفاظتی انتظامات کے سلسلے میں مسیحی برادری کے افراد سے پولیس کیساتھ تعاون یقینی بنانے کی اپیل کی۔ایسٹر کی تہوار کے تمام پروگرامات کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کی نسبت جاری کردہ خصوصی سکیورٹی پلان کے تحت گرجا گھروں پرپولیس کی اضافی نفری تعینات کردی گئی تھی جبکہ چرچوں کی طرف جانیوالے راستوں پر حفاظتی اقدامات کے تحت پولیس ایلیٹ فورس کے کمانڈوز دستوں کو تعینات کیا گیا تھا۔گرجا گھروں کے داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹ اور سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے تھے اور لیڈیز پولیس کے علاوہ سول حساس اداروں ،بم ڈسپوزل سکواڈ اور کھوجی کتوں کی خدمات بھی حاصل کئے گئے تھے۔اس موقع پر مسیحی برادری کے سرکردہ رہنمائوں اور چرجز کے منتظمین سے بات چیت کرتے ہوئے ڈی پی او کیپٹن(ر)واحد محمود کا کہنا تھا کہ پولیس اقلیتی برادری کے تحفظ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اقلیتی برادری کے ساتھ مساوی سلوک اور مہذبانہ برتائو رواں رکھنے سے مذہبی ہم آہنگی کو فروغ ملے گا۔ایسٹر کی تہوار کے موقع پرفول پروف سکیورٹی اقدامات اٹھانے پر مسیحی برادری نے پولیس انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس حوالے سے مکمل تعاون یقینی بنانے کا عزم دہرایا۔

تازہ ترین خبریں