05:56 am
 تعلیم پر خطیر رقم خرچ کررہےہیں، بچوں کو سرکاری سکولوں میں داخل کیاجائے، ضلع ناظم ڈیرہ

تعلیم پر خطیر رقم خرچ کررہےہیں، بچوں کو سرکاری سکولوں میں داخل کیاجائے، ضلع ناظم ڈیرہ

05:56 am

ڈیرہ اسماعیل خان (بیورورپورٹ) ضلع ناظم نوابزادہ عزیزاللہ خان علیزئی نے کہاہے کہ تعلیم پر ہم بھاری رقوم صرف کررہے ہیں اورسرکاری سکولوں میں بہترین سہولیات فراہم کی گئی ہیں ۔ لوگ اپنے بچوں کوسرکاری سکولوں میں داخل کرائیں ۔صوبائی حکومت کی خصوصی ہدایت پرسالانہ بجٹ میں تعلیم کے لیے بھاری رقوم مختص کی جارہی ہیں۔ تحصیل ناظم ڈیرہ سردارعمرامین خان گنڈہ پور نے کہاکہ تعلیم کافروغ شعور وآگاہی پیداکرنے کے لیے ناگزیرہے ۔ سرکاری سکولوں میں شام کی کلاسیں شروع کی جائیں تاکہ وہ بچے جوصبح سکول نہیں جاسکتے وہ شام کی کلاسوں میں تعلیم حاصل کریں۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے پاکستان ریڈنگ پراجیکٹ ڈیرہ اسماعیل خان کے زیراہتمام ضلع کونسل آڈیٹوریم میں داخلہ مہم2019 کے سلسلے میں گزشتہ روزمنعقدہ تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت میں کیا۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض پاکستان ریڈنگ پراجیکٹ ڈیرہ کے منیجر شفیع اللہ بلوچ نے اداکیے ۔اس موقع پر ایس ڈی ای او ڈیرہ چوہدری محمدظریف بھی موجودتھے۔ تحصیل کونسل کے ممبرراجہ شوکت علی نے اس موقع پر کہاکہ اساتذہ تعلیم وتدریس کے ساتھ بچوں کوفرقہ واریت ،قومی تعصبات اورمذہبی منافرت سے بچائیں اورصرف اورصرف ایک قوم پاکستانی مسلم بنائیں ۔ ممتازکالم نگارگلزاراحمد نے کہاکہ خواندگی کی شرح میں اضافے کے لیے بچوں کے داخلے زیادہ سے زیادہ ہونے چاہیں اورحکومت زیادہ سے زیادہ چالیس بچوں کی کلاس اورایک معلم کی روایت قائم کرے ۔این سی ایچ ڈی ڈیرہ کے انچارج عمران نے داخلہ مہم کے لیے بھرپورمعاونت کی یقین دہانی کرائی ۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرشیر محمدوزیر نے بتایاکہ صوبے بھرمیں تیس اپریل تک آٹھ لاکھ بچے داخل کرنے کاہدف ہے جبکہ آٹھ ہزار بچے اب تک داخل ہوچکے ہیں جب کہ ڈیرہ میں 229بچوں نے نجی سکولز کو چھوڑ کرسرکاری سکولوں میں داخلہ لیا ہے۔ انہوں نے مہمانان خصوصی اورشرکاء کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ وہ اپنے اپنے پلیٹ فارم سے داخلہ مہم کاساتھ دیں ۔ ریڈیوپاکستان ڈیرہ کے سرائیکی پروگرام ’’چونک‘‘کے میزبانوں ملک قیوم نوازاورقیصر انور نے روایتی اندازمیں مکالمہ کرکے داخلہ مہم بارے لوگوں کو آگاہی دی ۔ آخرمیں مہمانوں کے دست مبارک سے نئے بچوں کے ناموں کااندراج کرایاگیااورتقریریں ،تلاوت اورقرآن خوانی کرنے والے بچوں کو انعامات سے نوازاگیا۔ آخرمیں واک کا اہتمام بھی کیاگیا۔

تازہ ترین خبریں