06:08 am
رمضان موسم بہار ، نیکیوں کا مہینہ ہے ،علامہ سید ریاض حسین شاہ

رمضان موسم بہار ، نیکیوں کا مہینہ ہے ،علامہ سید ریاض حسین شاہ

06:08 am

اسلام آباد (اوصاف رپورٹ) ادارہ تعلیمات اسلامیہ پاکستان کے سربراہ علامہ سید ریاض حسین شاہ نے رمضان مبارک کی آمد کے موقع پر ایک بیان میں کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے موسم بہار نیکیوں کے لئے رمضان البارک کی صورت میں رکھا ہے ۔رمضان المبارک ایک مقدس مہینہ ہے جس کی عظمت ، فضیلت اور برکت کا اعلان قرآن حکیم فرقان حمید نے خود کیا ۔ ارشاد ہوا (رمضان کا مہینہ ایسا مہینہ ہے جس میں قرآن حکیم فرقان مجید نازل ہوا ) رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم کی عادت مبارک تھی کہ جب رمضان المبارک کی آمد ہوتی اور شعبان شریف کا آخر ہوتا تو نبی ﷺرمضان کی تیاریوں کے سلسلے میں خود ایک خطبہ ارشاد فرماتے۔ حضور نبی کریم ﷺنے ایک موقع پر خطبہ دیا اور ارشاد فرمایا کہ اے لوگو تم پر ایک ایسا مہینہ طلوع اعلان کر رہا ہے کہ جس کی برکتیں اور رحمتیں کے بارے میں اللہ نے خود کتاب مبین میں ارشاد فرمائی ہیں اس کی راتیں دوسری راتوں اور دن دوسرے دنوں سے افضل ہیں اس کا ہر منٹ اور گھنٹہ دوسرے مہینوںسے افضل ہے۔ آپ نے اس کی مزید وضاحت فرمائی کہ یہ مہینہ برکتیں لے کر جب آتا ہے تو رمضان المبارک کے اندر بہت سی نیکیاں اپنے ساتھ لے کر آتا ہے ۔شیاطین کو رسیوں میں جکڑ دیا جاتا ہے ۔یہ فکری آزادی اور نیکیوں کی بہار کا مہینہ ہوتا ہے نبی ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ اللہ اس مہینے میں اپنے بندوں کی مہمان نوازی فرماتا ہے اور اپنے بندوں کو طرح طرح کی نعمتیں عطا کرتا ہے ۔قرآن مجید نے اس مہینے کو قرآن کی تلاوت کے ساتھ جوڑا ہے مسلمان اس مہینے میں ایک تو روضہ کی برکتیں حاصل کرتے ہیں اور دوسرا قرآن مجید کی تلاوت کرتے ہیں۔