07:25 am
گوجرانوالہ میں 5 سسرالیوں نے بہو کو بچوں کے سامنے زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا

گوجرانوالہ میں 5 سسرالیوں نے بہو کو بچوں کے سامنے زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا

07:25 am

گوجرانوالہ (مانیٹرنگ ڈیسک ) گوجرانوالہ میں سسرالیوں نے بہو کو زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا ۔ تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ میں تھانہ دھلے کے علاقہ رسول پورہ کی رہائشی 3 بچوں کی ماں پر 5 سسرالیوں نے 24 مئی کو الزام عائد کیا تھا کہ اس کا چال چلن درست نہیں۔ اس کے چچا سسر معراج، چچا سسر ریاض ، 2 دیوروں ارشد، حبیب اور بھتیجے شہزاد نے خود پنچایت لگا کر ’’فیصلہ ‘‘کیا کہ اس کے ساتھ اجتماعی زیادتی کی جائے
جس کے بعد تمام پنچایتیوں نے خاتون کو اس کے بچوں کے سامنے زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔متاثرہ خاتون مقدمہ درج کرنے تھانے پہنچی تو پولیس بھی ٹال مٹول سے کام لیتی رہی جس پراس کے والدین اور بھائیوں نے سی پی او آفس کے باہر احتجاج کیا۔ سی پی او آفس کے باہر احتجاج کرنے پر پولیس نے پنچایت میں شامل تمام ملزمان گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا ہے۔ خیال رہے کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں بھی اس قسم کے اندوہناک اور افسوسناک واقعات سامنے آ رہے ہیں جس سے صاف ظاہر ہے کہ شیطانیت انسان کی فطرت کا حصہ بن چکی ہے جسے ماہ مقدس کا احترام بھی نہیں رہا۔ حال ہی میں کم سن بچیوں سے زیادتی کے بھی کئی واقعات سامنے آ ئے ہیں جس نے معاشرے کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ ایسے میں شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے گھناؤنے فعل کے مرتکب ہونے والے افراد کو کڑی سے کڑی سزا سنائی جائے تاکہ آئندہ کوئی بھی اس طرح کے فعل کا مرتکب ہونے سے پہلے سو بار سوچ لے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے زیادتی کے مجرموں کو سزائے موت دینے کے لیے قانون سازی کی بھی ہدایت کر رکھی ہے جس کو شہریوں کی جانب سے بھی خوب سراہا گیا ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ایسے مجرموں کو سر عام پھانسی پر لٹکانا چاہئیے تاکہ لوگ عبرت حاصل کر سکیں ۔

تازہ ترین خبریں