07:39 am
وفاقی وزیر توانائی نے ملک بھر میں عید الفطر کے موقع پر لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا اعلان کر دیا

وفاقی وزیر توانائی نے ملک بھر میں عید الفطر کے موقع پر لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا اعلان کر دیا

07:39 am

اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) وفاقی وزیر توانائی نے ملک بھر میں عید الفطر کے موقع پر لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر توانائی عمرایوب کا کہنا تھا کہ عیدالفطر کی تعطیلات کے دوران ملک بھر میں لوڈشیڈنگ اور لوڈ مینجمنٹ نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہےکہ ملک بھر میں آٹھ ہزار سات سو نوے فیڈرز میں سے اسی فیصد فیڈرز پرلوڈشیڈنگ نہیں کی جا رہی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایات پر پہلی مرتبہ رمضان المبارک میں سحر اور افطار کے دوران لوڈشیڈنگ نہیں کی گئی۔ حکومت ملک بھر میں بجلی چوری کے خلاف مہم چلانے کے لیے پُرعزم ہے۔ دوسری جانب عید کے موقع پر بجلی کی بلاتعطل فراہمی کے لئے تقسیم کار کمپنیوں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے لئے جاری کردہ ایس او پی کے مطابق عید کے تینوں روز لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی اور رمضان میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی کے لئے قائم کئے گئے کنٹرول رومز عید کے موقع پر بھی کام کریں گے۔ایس او پی کے مطابق بجلی کی فراہمی میں تعطل سے متعلق شکایات کو فوری طور پر حل کیا جائے گا۔ جبکہ متعلقہ اسٹاف اپنے سازوسامان سمیت سب ڈویژنز میں موجود رہے گا۔ یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے عید کی چھٹیوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی ہدایت کی تھی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ عید کی چھٹیوں میں ملک بھر میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔ جس پر عملدرآمد کیا جائے گا۔ عوام کا کہنا ہے کہ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق عید الفطر کے موقع پر بھی موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے ، لہٰذا ایسے میں حکومت کی جانب سے عید الفطر کے موقع پر لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا اعلان خوش آئند ہے ، حکومت نے یہ اعلان کر کے عوام کو عید سے قبل ہی عیدی دے دی ہے۔

تازہ ترین خبریں