10:45 am
وزیراعظم عمران خان نے مودی کو خط لکھ کر بڑی پیشکش کردی 

وزیراعظم عمران خان نے مودی کو خط لکھ کر بڑی پیشکش کردی 

10:45 am

اسلام آباد(نیو زڈیسک) خطے میں امن کی بحالی اور دونوں ممالک کے عوام کو درپیش مسائل کو دور کرنے کے لیے پاکستان نے ایک مرتبہ پھر جموں و کشمیر اور دہشت گردی سمیت دیگر معاملات کے حل کے لیے بھارت کو مذاکرات کی پیشکش کردی۔قومی اخبار رپورٹ کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو دوسری مرتبہ اقتدار سنبھالنے اور انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی کامیابی پر وزیراعظم عمران خان نے اپنے ہم منصب کو خط ارسال کیا جس میں یہ پیشکش کی گئی۔اپنے خط میں وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا
کہ دونوں ممالک کو اپنے اختلافات دور کرنے چاہیے جبکہ اس سے قبل لکھے گئے خط میں انہوں نے بھارت کے مطالبے پر دہشت گردی کے مسئلے پر بات چیت کرنے کے لیے رضا مندی کا اظہار کیا تھا۔ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نے اپنے خط میں پاکستان کی پڑوسی ممالک کے ساتھ امن کی پالیسی اور جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے مسئلہ کشمیر سمیت تمام تنازعات کے حل کے لیے کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔اس کے علاوہ وزیراعظم نے اپنے خط میں باہمی احترام اور بھروسے کے ساتھ غربت اور ترقی پذیر سمیت دونوں ممالک کے عوام کو درپیش مسائل کا سامنا کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔اس کے ساتھ انہوں نے مشترکہ اقدامات کے ذریعے خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کے مقصد کو ترقی دینے کی ضرورت پر زور دیابعدازاں نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے وزیراعظم کی جانب سے بھارتی ہم منصب کو لکھے گئے تازہ خط کی تصدیق کی جس میں اگر بھارت چاہے تو پاکستان کی جانب سے نئی دہلی کے ساتھ مذاکرات کے عزم کو دہرایا گیا۔قبل ازیں بھارت کی وزارت خارجہ کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے آئندہ ہفتے ہونے والے اجلاس کے موقع پر پاکستان اور بھارت کے وزرائے اعظم کے درمیان دو طرفہ ملاقات طے نہیں۔خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان اور نریندر مودی علاقائی تعاون تنظیم کے 13 اور 14 جون کو کرغزستان میں ہونے والے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ ’اگر بھارت بھی رضامند ہو تو ہم بھارتی وزیراعظم سے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر ملاقات کے لیے تیار ہیں۔دوسری جانب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی بھارت کے نئے وزیر خارجہ سبرامنیام جے شنکر کو خط لکھ کر عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔اس سے قبل شاہ محمود قریشی کی گذشتہ ماہ کرغزستان کے شہر بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم کے ہی اجلاس کے موقع پر سابق بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج ملاقات ہوئی تھی۔

 

تازہ ترین خبریں