01:22 pm
جیالے مشتعل نہ ہوں ،بلاول

جیالے مشتعل نہ ہوں ،بلاول

01:22 pm

اسلام آباد(ویب ڈیسک )قومی احتساب بیورو (نیب) کی ٹیم نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست ضمانت مسترد ہونے کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی ) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو زرداری ہاؤس اسلام آباد سے گرفتار کرلیا۔واضح رہے کہ کچھ دیر قبل اسلام آباد ہائی کورٹ نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور کی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی۔تاہم فریال تالپور کا وارنٹ گرفتاری جاری نہ ہونے کے باعث انہیں گرفتار نہیں کیا جاسکا جبکہ سابق صدر کی گرفتاری کے لیے نیب نے وارنٹ گزشتہ روز جاری کردیا تھا
۔نیب کی ٹیم سابق صدر کی گرفتاری کے لیے اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ ’زرداری ہاؤس‘ پہنچی جہاں انہیں مزاحمت کا سامنا تھا۔ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق آصف زرداری قومی اسمبلی سے اپنی گرفتاری دینا چاہتے تھے تاہم انہوں نے بعد میں اپنا فیصلہ تبدیل کرتے ہوئے زرداری ہاؤس سے ہی گرفتاری دینے کا فیصلہ کیا۔نیب کی 15 ٹیم میں سے 6 اہلکاروں کو زرداری ہاؤس میں داخلے کی اجازت دی گئی، جنہوں نے آصف زرداری کو گرفتار کیا اور انہیں لے کر نیب دفتر راولپنڈی روانہ ہوگئے۔نیب حکام اگلے روز سابق صدر کو احتساب عدالت میں پیش کریں گے جہاں ان کا جسمانی ریمانڈ طلب کیا جائے گا۔آصف علی زرداری اور ان کی بہن کورٹ کے فیصلے سے قبل ہی احاطہ عدالت سے چلے گئے تھے۔ذرائع کے مطابق نیب نے سابق صدر کی گرفتاری کے لیے 2 ٹیمیں تشکیل دی تھیں جن میں سے ایک زرداری ہاؤس جبکہ ایک پارلیمنٹ ہاؤس پہنچی۔ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق زرداری ہاؤس میں نیب کی ٹیم کو سابق صدر کی گرفتاری میں مزاحمت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر کا کہنا ہے کہ ’آج سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں اہم فیصلے ہوں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ تفصیلی عدالتی فیصلے کی روشنی میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کا پیغام سناتے ہوئے کہا کہ ’جیالے مشتعل نہ ہوں، نظم و ضبط کا مظاہرہ کریں۔ پارٹی رہنما اور ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا کا کہنا تھا کہ نیب کی اس کارروائی سے حکومتی ناکامیاں نہیں چھپ سکتیں۔

تازہ ترین خبریں