03:18 pm
رانا ثنا اللہ کی گرفتاری ظالمانہ بجٹ سے توجہ ہٹانے کےلئے ہے، شہبازشریف

رانا ثنا اللہ کی گرفتاری ظالمانہ بجٹ سے توجہ ہٹانے کےلئے ہے، شہبازشریف

03:18 pm

لاہور(این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان نے ظالمانہ بجٹ اور اس کے خلاف ہڑتالوں سے توجہ ہٹانے کیلئے رانا ثنا اللہ خان کی گرفتاری کرائی،رانا ثنا اللہ کی گرفتاری میں عمران نیازی خود مخبر ہے، اگر اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈوں سے غربت اور مہنگائی ختم کر سکتے تو ہم سب جیل جانے کیلئے تیار ہیں،قوم خدا سے دعا کرے کہ عمران نیازی کو عقل دے ورنہ یہ پاکستان کا کچھ نہیں چھوڑے گا اور ہم ہاتھ ملتے رہ جائیں گے،
میثاق معیشت اور میثاق جمہوریت کسی پارٹی کیلئے نہیں بلکہ 22کروڑ عوام کیلئے ہے، بطور صدر جہاں میرے جلسوں کا شیڈول بنے گا میں وہاں خطاب کرنے جاؤں گا، وزیر اعظم سے ملاقات کرنے والے اراکین اسمبلی کے معاملے پر کمیٹی بنے گی اور انہیں نوٹسز جاری کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائشگاہ پر رانا ثنا اللہ خان کی گرفتاری کیخلاف بلائے گئے ہنگامی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، رانا تنویر حسین، مریم اورنگزیب، عطاء اللہ تارڑ سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ اجلاس میں رانا ثنا اللہ کی گرفتاری کی شدید مذمت او ران کے اہل خانہ سے یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اس کے خلاف بھرپور قانونی چارہ جوئی کی جائے گی اور حکومت کے ہر طرح کے ہتھکنڈوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔ اجلاس میں مہنگائی، اپوزیشن کی رہبر کمیٹی اور آئندہ کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ رانا ثنا اللہ کی گرفتاری زیادتی، ظلم او رجبر ہے۔ رانا ثنا اللہ دس سال منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں کراتے رہے اور ان کے خلاف باقاعدہ آپریشن کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی بد ترین اوچھے ہتھکنڈوں پر تل گئے ہیں،رانا ثنا اللہ پر ہیروئن فروشی کاجھوٹا الزام لگایا گیا ہے۔ بتائیں یہ کس نے مخبری کی کہ رانا ثنا اللہ کی گاڑی میں 15کلو منشیات ہے، اس کا مخبر خود عمران خان ہے۔ اندازہ کر لیں کہ پی ٹی آئی اور عمران نیازی پریشانی میں کیسے کیسے ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں۔ گیارہ میں معیشت کو تباہ کر دیا ہے