08:45 am
عمران خان کی پریس کانفرنس کے دوران صحافی نے کپتان کو بیچ میں ٹوک کر سوال کر ڈالا

عمران خان کی پریس کانفرنس کے دوران صحافی نے کپتان کو بیچ میں ٹوک کر سوال کر ڈالا

08:45 am

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے صحافیوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے نیب کیسز کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ جو نیب میں دونوں اپوزیشن جماعتوں کے کیسز ہیں، یہ دونوں جماعتوں نے ایک دوسرے کے خلاف بنائے ہیں۔ اس دوران صحافی نے اُن کی بات ٹوکتے ہوئے اپنا سوال کرنے کی کوشش کی۔ تو عمران خان نے اُنہیں کہا ایک منٹ پلیز ذرا بات تو سُن لیں۔ کوئی جلدی کیا ہے۔ میں بھاگا تو نہیں جا رہا۔عمران خان کے اس برجستہ جواب پر وہاں موجود تمام صحافی کھلکھلا کر ہنس پڑے۔
اس واقعے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔ جس پر لوگوں نے بہت سے دلچسپ کمنٹس کیے ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان گزشتہ روز کراچی کے ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچے تھے۔ جہاں سے وہ گورنر ہاؤس گئے اور گورنر سندھ عمران اسماعیل سے ملاقات کی جس دوران بہت سے امور زیر بحث آئے۔ اس کے علاوہ عمران خان نے تاجر برادری سے بھی ملاقات کی تھی جس میں تاجروں کی جانب سے لین دین کے لیے شناختی کارڈ کی پابندی کا خاتمہ کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ بھی دیگر بہت سے مطالبات اور تحفظات سے وزیر اعظم کو آگاہ کیا گیا۔ تاہم تاجر برادری کے ایک رہنما کا کہنا تھا کہ اس ملاقات سے کوئی مثبت نتائج برآمد نہیں ہوئے۔ کیونکہ وزیر اعظم کی گفتگو کا زیادہ تر محور احتسابی کارروائیاں تھیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز جب وزیر اعظم بھاری پروٹوکول کے ساتھ کراچی پہنچے تو عوام نے اُن کے سادگی کے دعوؤں پر خوب تنقید کی ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر اعظم جب گزشتہ روز ایک دِن کے دورہ پر کراچی پہنچے تو تیس گاڑیوں کا پروٹوکول اُن کے ساتھ تھا۔ اس موقع پر شہر کی اہم شاہراہیں بھی بند کر دی گئیں۔ جس کے باعث عوام کو آمد و رفت کے سلسلے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور وہ کافی اذیت اور پریشانی سے دوچار ہوئے۔ اس ایک روزہ دورے میں مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ ،ڈاکٹر عشرت اور عبدالرزاق داؤد بھی اُن کے قافلے میں شامل تھے۔ اس حوالے سے ایک نجی چینل کی جانب سے جاری ہونے والی ویڈیو میں اُن کے قافلے میں موجود تیس گاڑیاں دیکھی جا سکتی ہیں۔ یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد تحریک انصاف کے ناقدین ایک بار پھر برس پڑے۔ لوگوں کا کہنا تھا کہ ان کے سادگی اور تبدیلی کے دعوے حقیقت سے کوسوں دُور ہیں۔

تازہ ترین خبریں