05:21 pm
وزیراعظم پر جھوٹے الزامات نجم سیٹھی کو مہنگے پڑگئے، عمران خان کی جانب سے ہتک عزت کا دعویٰ دائر کردیا گیا

وزیراعظم پر جھوٹے الزامات نجم سیٹھی کو مہنگے پڑگئے، عمران خان کی جانب سے ہتک عزت کا دعویٰ دائر کردیا گیا

05:21 pm

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)معروف قانون دان اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر بابر اعوان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنی عائلی زندگی کے بارے میں پراپیگنڈہ کرنے پر سینئر صحافی نجم سیٹھی کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے انہیں نجم سیٹھی کے خلاف 10 ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کرنے کی ہدایت کی ہے۔
بابراعوان کے مطابق انہوں نے ہتک عزت آرڈیننس 2002 کے دفعہ 4 کے تحت دعویٰ تیار کر کے اسلام آباد کی ضلعی عدالت میں جمع کرا دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جعلی خبروں کے حوالے سے کسی طور نرمی نہیں برتی جا سکتی، ٹی وی پر بیٹھ کر قانون و اخلاق کی دھجیاں بکھیرنے اور افراد کی ساکھ مجروح کرنے کی کوششوں کا رستہ روکنا ہو گا۔وزیراعظم کے وکیل نے امید ظاہر کی کہ نجم سیٹھی عدالت میں اپنے دعویٰ کے دفاع کے لیے پیش ہوں گے۔ نجم سیٹھی کے خلاف 10 ارب روپے کا ہتک عزت کا دعویٰ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ویسٹ کی عدالت میں دائرکیا گیا۔نوٹس میں کہا گیا کہ وزیراعظم کی عائلی زندگی کے بارے میں شرمناک دعویٰ کیا گیا۔ جعلی خبروں کے حوالے سے کسی طور نرمی نہیں برتی جا سکتی، ٹی وی پر بیٹھ کر قانون و اخلاق کی دھجیاں بکھیرنے اور افراد کی ساکھ مجروح کرنے کی کوششوں کا راستہ روکنا ہو گا۔بابر اعوان کا کہنا تھا کہ میں اُمید کرتا ہوں کہ نجم سیٹھی عدالت میں اپنے دعویٰ کے دفاع کے لیے پیش ہوں گے۔ یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی عائلی زندگی کے بارے میں معروف صحافی و تجزیہ کار نجم سیٹھی نے 28 مارچ 2019ء کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں خبر دی تھی اور کہا تھا کہ میری چڑیا نے مجھے خبر دی ہے کہ بنی گالہ میں پھڈا ہو گیا اور کام تمام ہونے ہی والا تھا کہ کچھ لوگوں میں بیچ میں پڑ کر اس معاملے کو ٹھنڈا کیا۔جس کے بعد ایک مرتبہ پھر کوئی مسئلہ ہو گیا اور وہ پھٹ پڑے۔ عمران خان کی نجی زندگی کے بارے میں اس طرح کی خبر دینے پر نجم سیٹھی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا جس کے بعد اب وزیراعظم عمران خان نے نجم سیٹھی کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے ان پر بابر اعوان کے ذریعے ہتک عزت کا دعویٰ دائر کر دیا ہے۔