06:29 am
مودی کو اعلیٰ ترین ایوارڈ دینے پر چیئرمین سینیٹ نے یواے ای کا دورہ منسوخ کر دیا

مودی کو اعلیٰ ترین ایوارڈ دینے پر چیئرمین سینیٹ نے یواے ای کا دورہ منسوخ کر دیا

06:29 am

کراچی (نیوز ڈیسک )متحدہ عرب امارات کی جانب سے بھارتی وزیراعظم نریندر کو اعلیٰ ترین سول ایوارڈ دیئے جانے پر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے یواے ای کا دورہ منسوخ کر دیا۔چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو پارلیمانی وفد کے ہمراہ چار روزہ سرکاری دورے پر گزشتہ شب یو اے ای کے لیے روانہ ہونا تھا لیکن یو اے ای کی حکومت کی جانب سے بھارتی وزیراعظم کو اعلیٰ ترین سول ایوارڈ دیئے کے بعد یہ دورہ منسوخ کر دیا گیا ہے۔سینیٹ سیکریٹریٹ کے مطابق چئیرمین سینیٹ نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی بھرپور حمایت کرتا ہے، مودی حکومت کشمیری مسلمانوں پر ظلم و بربریت کر رہی ہے اور مودی سرکار نے مقبوضہ وادی میں کرفیو نافذ کررکھا ہے،
ایسے حالات میں متحدہ عرب امارات کا دورہ کشمیریوں کی دل آزاری کا سبب بنے گا۔نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ یہ نہیں ہو سکتا کہ کشمیری بہن بھائی محصور ہوں اور میں یو اے ای کا دورہ کروں۔انہوں نے بتایا کہ دورہ پہلے سے طے شدہ تھا اور تین بجے ہماری پرواز تھی لیکن مودی کو ایوارڈ ملنے کے بعد ہی یو اے ای جانا اور حکام سے ملنا مناسب نہیں تھا، کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے احتجاجاً دورہ منسوخ کیا۔صادق سنجرانی نے کہا کہ مودی کشمیریوں پر مظالم ڈھائے اور اسے ایوارڈ دیا جائے اس پر دکھ ہوا،انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کشمیریوں پر ظلم و بربریت میں ملوث ہے اور اپنے فیصلے سے یو اے ای کے سفیر کو آگاہ کر دیا ہے۔

تازہ ترین خبریں