07:26 am
 ہائیکورٹ نے نااہلی سے متعلق کیس میں فواد چوہدری اور الیکشن کمیشن سمیت وزارت قانون کو نوٹسز جاری کر دیئے

ہائیکورٹ نے نااہلی سے متعلق کیس میں فواد چوہدری اور الیکشن کمیشن سمیت وزارت قانون کو نوٹسز جاری کر دیئے

07:26 am

اسلام آباد (مانیٹر نگ ڈیسک )اسلام آباد ہائیکورٹ نے نااہلی سے متعلق کیس میں وفاقی وزیر فواد چوہدری اور الیکشن کمیشن سمیت وزارت قانون کو نوٹسز جاری کر دیئے۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کی نااہلی سے متعلق دائر درخواست پر سماعت کی۔درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ فواد چوہدری نے جہلم کی زمین کو گوشواروں میں ظاہر نہیں کیا
اس لیے وہ صادق و امین نہیں رہے لہذا انہیں نااہل قرار دیا جائے۔جس پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے استفسار کیا کہ کون سا انسان صادق اور امین ہو گا؟چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریمارکس دیئے کہ ہم نے خواجہ آصف کو نا اہل کیا لیکن سپریم کورٹ نے انہیں بحال کر دیا، مثال سامنے ہے تاہم عدلیہ کو بطور ادارہ سیاسی معاملات میں نہیں پڑنا چاہیے۔یا د رہے کہ کچھ دن پہلے وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کی بطور رکن قومی اسمبلی اہلیت کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا تھا ۔ اینکرپرسن سمیع ابراہیم نے فواد چوہدری کو اثاثے چھپانے پر نااہل قرار دینے کی استدعا کی ہے۔وفاقی وزیر فواد چوہدری اور اینکر پرسن سمیع ابراہیم کے درمیان جنگ عدالت میں پہنچ گئی تھی ، اینکر پرسن نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا کہ وفاقی وزیرسائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اپنے اثاثے چھپا کر الیکشن کمیشن کو غلط معلومات فراہم کیں،فواد چوہدری نے کاغذات نامزدگی میں اپنی زمین ظاہر نہیں کی۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ فواد چوہدری صادق و امین نہیں رہے ، اسی لیے انہیں 62 ون ایف کے تحت نااہل قرار دیا جائے۔فواد چوہدری سے بطور ممبر اسمبلی تمام تر مراعات واپس لے کر ان کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا جائے۔ درخواست میں فواد چوہدری ،الیکشن کمیشن اور ایف آئی اے کو فریق بنایا گیا ہے۔

تازہ ترین خبریں