06:25 pm
آزاد کشمیر میں زلزلے کے بعد حفاظتی اقدامات کے پیش نظر منگلا پاور ہاؤس کی ٹربائنیں بند کر دی گئیں

آزاد کشمیر میں زلزلے کے بعد حفاظتی اقدامات کے پیش نظر منگلا پاور ہاؤس کی ٹربائنیں بند کر دی گئیں

06:25 pm

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) آزاد کشمیر میں زلزلے کے بعد ابتدائی مشاہدات کے مطابق منگلا ڈیم اور پاور ہاؤس کو کوئی نقصان نہیں پہنچا، زلزلہ کی وجہ سے منگلا جھیل کا پانی گدلا ہو گیا، حفاظتی اقدامات کے پیش نظر منگلا پاور ہاؤس کی ٹربائنیں بند کر دی گئیں، ڈیم انتظامیہ کو پانی کے اخراج کیلئے مکمل اختیار دے دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر میں منگل کے روز آنے والے تباہ کن زلزلے کے بعد منگلا ڈیم کو نقصان پہنچنے کی افواہیں گردش کرنے لگیں۔ اس حوالے سے واپڈا حکام کی جانب سے وضاحتی بیان جاری کیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ زلزلے سے منگلا ڈیم کے قریب روڈ میں دڑاڑ پڑ گئی ہے تاہم ڈیم کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ بتایا گیا ہے
کہ ابتدائی مشاہدات کے مطابق زلزلے سے منگلا ڈیم اور پاور ہاؤس کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ تفصیلی جائزے اور رپورٹ کے لئے منگلا ڈیم اور پاور ہاؤس میں نصب آلات سے ڈیٹا اکٹھا کیا جارہا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ زلزلے کی وجہ سے منگلا جھیل کا پانی گدلا ہو گیا ہے جبکہ حفاظتی اقدامات کے پیش نظر منگلا پاور ہاؤس کی ٹربائنیں بند کرنا پڑیں۔ ترجمان واپڈا نے بتایا ہے کہ جھیل کا پانی صاف ہونے پر منگلا پاور ہاؤس کی ٹربائنوں کو دوبارہ چلا دیا جائیگا۔ واضح رہے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلہ کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے۔ ریکٹر اسکیل پر زلزلہ کی شدت 5.8 ریکارڈ کی گئی۔آزاد کشمیر کے شہر میر پور میں زلزلے سے عمارت گرنے اور دیگر مختلف واقعات میں 19 افراد جاں بحق ہوئے اور 300 سے زائد زخمی ہوئے۔ قومی زلزلہ پیماء مرکز کے مطابق منگل کی سہ پہر تقریباً 4 بجکر 2 منٹ پر ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ زلزلہ کا مرکز جہلم کے شمال میں پانچ کلو میٹر دور 10 کلو میٹر گہرائی میں تھا۔ 5.8 شدت کے اس زلزلہ کے جھٹکے اسلام آباد، راولپنڈی، جہلم، لاہور، فیصل آباد، پشاور، چنیوٹ، ڈسکہ، ایبٹ آباد، مانسہرہ، بٹگرام، تورغر، میرپور آزاد کشمیر، بھمبھر، منڈی بہائوالدین اور گرد و نواح میں محسوس کئے گئے۔ زلزلہ کے باعث لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے اور اپنے ٹیلیفون پر اپنے عزیز و اقارب کی خیریت دریافت کرتے رہے۔ دوسری جانب ڈی جی میٹ کا کہنا ہے کہ زلزلے کے آفٹر شاکس کا سلسلہ کچھ دنوں تک جاری رہے گا۔ تاہم آج زلزلے کے بعد 3.5شدت کا آفٹر شاکس زلزلہ بھی آیا۔

تازہ ترین خبریں