11:54 am
پراپرٹی تائیکون ملک ریاض کو فوری گرفتار کرنے کا حکم

پراپرٹی تائیکون ملک ریاض کو فوری گرفتار کرنے کا حکم

11:54 am

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) عدالت نے ملک کے معروف پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض کو فوری گرفتار کرنے کاحکم سُنا دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق آج ملک ریاض سے متعلق ایک کیس کی سماعت اینٹی کرپشن عدالت کے جج نثار احمد خاں نے کی۔ جنہوں نے ملک ریاض کو کیس میں عدم حاضری پر گرفتار کرنے کا حکم سُنایا ہے۔ ملک ریاض کے خلاف 1401 کنال اراضی میں کرپشن کا معاملہ اینٹی کرپشن عدالت میں زیر سماعت ہے۔ عدالت کے جج نثار احمد خاں نے فیصلے میں کہا
کہ ملک ریاض عبوری ضمانت حاصل کرنے کے بعد گزشتہ 2 سماعتوں پر بھی پیش نہیں ہوئے، اس لیے اُن کی درخواست ضمانت خارج کی جاتی ہے اور انہیں گرفتار کرنے کا حکم سُنایا جاتا ہے۔ واضح رہے کہ 7 اگست 2019ء کو کیس کی سماعت کے دوران جج نثار احمد نے ملک ریاض کی عبوری ضمانت میں 2 ستمبر2019 تک کی توسیع کر دی تھی۔ جج کی جانب سے ملک ریاض کے وکلاء کو کہا گیا تھا کہ وہ اگلی سماعتوں پر اپنے موکل کی حاضری یقینی بنائیں۔ دور ان سماعت ملک ریاض کی جانب سے وکلاء کا پینل اینٹی کرپشن عدالت پیش ہوا، وکیل ملک ریاض نے کہاکہ ملک ریاض حج پر گئے ہوئے ہیں عدالت میں حاضر نہیں ہو سکتے استثنیٰ دیا جائے۔ جس پر عدالت کے فاضل جج نے کہاکہ انکا پیش ہونا لازمی تھا کیونکہ وہ عبوری ضمانت پر ہیں۔ عدالت نے کہاکہ آئندہ پیشی پر انکی حاضری کو یقینی بنایا جائے۔ ملک ریاض پر موضع ملک پور عزیزال میں چودہ سو ایک کنال اراضی جعلی طریقے سے ہاؤسنگ سوسائٹی کے نام انتقال کا الزام ہے۔