05:09 pm
کیا کوئی غیر مسلم بھی اب صدر مملکت بن سکے گا

کیا کوئی غیر مسلم بھی اب صدر مملکت بن سکے گا

05:09 pm

اسلام آباد(آن لائن) قومی اسمبلی نے غیر مسلم کو صدر مملکت بنانے کا بل کثرت رائے سے مسترد کردیا جبکہ نماز کے اوقات میں تجارتی مراکز اور دفاترکو بند رکھنے کا بل اتفاق رائے سے منظور کر لیا ہے ،اجلاس کے دوران کینو کی برآمدی قیمت میں کمی سے متعلق توجہ دلائو نوٹس متعلقہ کمیٹی کو بھجوا دیا گیا جبکہ وفاقی دارلحکومت کے جعلی ڈومیسائل بنا کر نوکریاں حاصل کرنے کے حوالے سے توجہ دلائو نوٹس نمٹا دیا گیا ۔قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر اسد قیصر کی سربراہی میں پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا اجلاس کے دوران پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی نوید عامر جیوا کی جانب سے اسلامی جمہوریہ پاکستان کے دستور کے آرٹیکلز 41اور 91میں مذید ترمیم کرنے کے لئے لائے جانے والے بل پیش کرنے کی تحریک کو کثرت رائے سے نامنظور کر لیا گیابل کی مخالفت حکومت کے علاوہ جماعت اسلامی کی جانب سے کی گئی اس موقع پر جماعت اسلامی کے رکن مولانا عبدالکبر چترالی نے کہاکہ آئین پاکستان کی رو سے کوئی غیر مسلم ملک کا صدر یا وزیر اعظم نہیں بن سکتا ہے
جس کے بعد بل پر رائے شماری کرائی گئی اور کثرت رائے سے بل کو مسترد کر دیا گیاایوان میں تحریک انصاف کے رکن اسمبلی فہیم خان کی جانب سے نماز کے اوقات میں سرکاری دفاتر اور تجارتی مراکز کو بند رکھنے سے متعلق ترمیمی بل متفقہ طور پر منظور کر لیا گیاجبکہ پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی نواب محمد یوسف تالپور کی جانب سے وفاقی دارلحکومت میں گریڈ ایک اور دو کی اسامیوں پر دیگر صوبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی تعیناتی کے حوالے سے سول ملازمین ایکٹ میں ترمیم کا بل بھی کثرت رائے سے مسترد کر دیا گیا اجلاس کے دوران تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی علی نواز اعوان اور انجینئر خرم شہزاد نواز کی جانب سے اسلام آباد کے مکینوں کو ڈومیسائل کے اجراء میں درپیش مسائل سے متعلق توجہ دلائو نوٹس کا جواب دیتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری نے بتایاکہ وفاقی دارلحکومت میں ڈومیسائل کے اجراء میں درپیش مشکلات کو حل کرنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں اس موقع پر رکن اسمبلی علی نواز اعوان نے بتایاکہ گذشتہ دور حکومت میں وفاقی وزیر ہائوسنگ اکرم خان درانی کی جانب سے وزارت ہائوسنگ اور پی ڈبلیو ڈی میں دیگر اضلاع کے افراد کو بھرتی کرنے کیلئے جعلی ڈومیسائل بنائے گئے تھے انہوںنے کہاکہ ڈومیسائل بنانے کیلئے لازمی شرط یہ تھی کہ اگر کسی کا شناختی کارڈ بنا ہے تو یہ دیکھا جاتا ہے کہ اس نے گذشتہ انتخابات کے دوران ووٹ کس علاقے میں کاسٹ کیا تھامگر وفاقی دارلحکومت جو پاکستان کا 10واں بڑا شہر ہے میں دیگر صوبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کیلئے ڈومیسائل بنا کر مقامی افراد کا حق مارا جارہا ہے جس پر پارلیمانی سیکرٹری نے کہاکہ فاضل رکن کے خدشات کو دور کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے جبکہ وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہاکہ اسلام آباد کے جعلی ڈومیسائل بنانے کا وزیر اعظم نے بھی نوٹس لیا ہے اور اس سلسلے میں انکوائری کی جارہیے ہے جن جن کے غلط ڈومیسائل بنے ہیں ان کو کینسل کر دیا جائے گاپاکستان مسلم لیگ ن کے اراکین اسمبلی کی جانب سے توجہ دلائو نوٹس کا جواب دیتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری نے بتایاکہ کینو کی قیمتوں کے تعین کے ساتھ وفاقی حکومت کا کوئی لینا دینا نہیں ہے یہ صوبائی معاملہ ہے جو کینو ملک سے برآمد کئے جاتے ہیں وفاقی حکومت محض ان کی کوالٹی اور معیار کو دیکھتی ہے اس موقع پر نکتہ اعتراض کے محرک محسن شاہنواز رانجھا نے کہاکہ کسانوں کو گذشتہ سال کے مقابلے میں کینو کی کم قیمت موصول ہورہی ہے انہوں نے کہاکہ کینو کی قیمت میں کمی کیلئے برآمد کنندگان نے کارٹیل بنایا ہے جس کی وجہ سے کاشتکاروں کو نقصانات کا سامنا ہے رکن اسمبلی مہناز اکبر نے کہاکہ حکومت کینو کی افزائش میں بہتری کیلئے کاشتکاروں کی تربیت کرے رکن اسمبلی شاز افاطمہ خواجہ اور مرتضی جاوید عباسی نے کہاکہ سابقہ دور حکومت میں کینو کی بہتری کیلئے بورڈ بنانے کی منظوری دی گئی تھی اور اس کیلئے خطیر رقم بھی مختص کی گئی مگر بدقسمتی سے موجودہ حکومت نے اس اہم برآمدی شعبے کو توجہ نہیں دی ہے جس کی وجہ سے کاشتکاروں کو مسائل کا سامنا ہے جس پر پارلیمانی سیکرٹری نے کہاکہ موجودہ حکومت اس شعبے کو بھرپور توجہ دے رہی ہے اور وفاقی وزیر خود کینو کی پیداواری علاقوں کے دورے کئے ہیں انہوں نے کہاکہ سٹرس ڈیویلپمنٹ بورڈ کی تشکیل بھی جلد کر دی جائے گی اور اس کیلئے حکومت سے بجٹ بھی طلب کیا گیا ہے انہوںنے کہاکہ وفاقی حکومت کینو کی افزائش میں بہتری کیلئے اپنے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے قومی اسمبلی کا اجلاس آج بروز بدھ11بجے تک ملتوی کردیا گیا

تازہ ترین خبریں