06:10 pm
وزیراعظم کی نواز شریف کی صحت یابی کیلئے دعا، نواز شریف جہاں چاہیں علاج کرایا جائے

وزیراعظم کی نواز شریف کی صحت یابی کیلئے دعا، نواز شریف جہاں چاہیں علاج کرایا جائے

06:10 pm

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے نواز شریف کے علاج کے حوالے سے ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔ وزیراعظم نے وزیراعلیٰ پنجاب سے رابطہ کرکے اب تک علاج کی تفصیلات بھی طلب کرلیں۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ نواز شریف کو بہترین علاج کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے رابطہ کرکے انھیں ہدایت کی ہے کہ نواز شریف کے علاج میں کسی قسم کی غفلت نہ کی جائے۔وزیراعظم نے نواز شریف کی صحت سے متعلق پنجاب حکومت سے تفصیلات بھی طلب کر لی ہیں اور متعلقہ حکام کو ہدایت دی ہیں کہ ان کے خاندان کے افراد کی منشا کے مطابق انھیں علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے اپنی ٹویٹ میں تصدیق کی ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے محمد نواز شریف کی صحت کے متعلق پنجاب حکومت سے تفصیلات طلب کی ہیں۔انہوں نے لکھا کہ وزیراعظم متعلقہ حکام کو ہدایت دی ہیں کہ ان کے خاندان کے افراد کی منشا کے مطابق انھیں علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔ وزیراعظم نے ان کی صحت یابی کیلئے دعا اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔گذشتہ روز وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بھی سابق وزیراعظم نواز شریف کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی۔سردار عثمان بزدار نے سروسز اسپتال کی انتظامیہ کو نواز شریف کو بہترین علاج معالجہ یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ علاج کے حوالے سے سابق وزیر اعظم کے ذاتی معالج سے بھی مشاورت کی جائے۔