10:46 am
مدینہ بس حادثے میں جاں بحق ہونیوالے 9پاکستانیوں کی شناخت ہوگئی

مدینہ بس حادثے میں جاں بحق ہونیوالے 9پاکستانیوں کی شناخت ہوگئی

10:46 am


مدینہ منورہ(نیوز ڈیسک)گزشتہ دِنوں مدینہ میں عمرہ زائرین کی بس کو ایک ہولناک حادثہ پیش آیا تھا جس کے باعث 35 افراد زندہ جل کر جاں بحق ہو گئے تھے اور 4 زخمی بھی ہوئے تھے۔ اس حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی شناخت ایک دُشوار مرحلہ تھا کیونکہ بس میں بھڑکنے والی آگ کے دوران مسافروں کے شناختی کارڈ اور دیگر دستاویزات بھی جل کر راکھ ہو گئی تھیں
 
۔تاہم اس مشکل کا حل یوں نکالا گیا کہ جلی ہوئی لاشوں کا ڈی این اے کیا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے ایک سعودی اخبار نے بتایا ہے کہ بس حادثہ میں جاں بحق عمرہ زائرین کی شناخت کا مرحلہ جاری ہے۔ اس واقعے میں 9 پاکستانی بھی جاں بحق ہوئے تھے جن کی لاشوں کی شناخت کے لیے شاہ فہد اسپتال کی انتظامیہ نے مرنے والے پاکستانیوں کے لواحقین سے ڈی این اے کے نمونے حاصل کر لیے ہیں۔شناخت کے بعد لواحقین کو اُن کے پیاروں کی لاشیں حوالے کر دی جائیں گی۔ اس حوالے سے وزارت صحت کا کہنا تھا کہ مسافروں کی شناختی دستاویزات جلنے کے بعد نعشوں کی شناخت صرف ڈی این اے کے ذریعے ہی ممکن ہو سکتی تھی۔ جبکہ اس حادثہ میں زخمی ہونے والے پاکستانی شہری اکبر کی حالت بدستور تشویش ناک ہے۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق اکبر کا جسم آتش زدگی کے باعث کافی حد تک جل چُکا ہے۔ اسے بات کرنے میں بھی شدید دُشواری پیش آ رہی ہے۔پاکستانی قونصل خانے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سعودی حکام کی جانب سے بس حادثے کے پاکستانی ہلاک شُدگان کی نعشوں کی حتمی شناخت کا مرحلہ جلد مکمل کر لیا جائے گا۔