02:33 pm
فضل الرحمن نے عمران خان کے استعفے کے مطالبے پر یوٹرن لے لیا

فضل الرحمن نے عمران خان کے استعفے کے مطالبے پر یوٹرن لے لیا

02:33 pm

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) جمیعت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے 3 ماہ میں الیکشن کروانے کا مطالبہ کردیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے استعفا نہیں دینا نہ دیں، لیکن تین ماہ میں الیکشن کروائیں۔ سربراہ جے یوآئی (ف) مولانا فضل الرحمان نے صحافیوں سے غیررسمی گفتگو میں بتایا کہ حکومت ہمارے مطالبات سے متعلق ابھی تک سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کررہی۔کھلے عام دھاندلی کی تحقیقات نہیں ہوسکتیں، نہ ہی ایسا قابل قبول ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے استعفا نہیں دینا نہ دیں، لیکن تین ماہ میں الیکشن کروائیں۔ انہوں نے کہا کہ 2014ء کے دھرنے کے دوران چودھری برادران کے گھر گیا، اب وہ آرہے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جو تجربہ رکھتے ہیں ان کو جیلوں میں ڈال دیا گیا جبکہ نااہلوں کو لاکر حکومت میں بٹھا دیا گیا۔یہ خود بڑے چور ہیں اور پتھر کا دل رکھتے ہیں۔ سیاسی قیادت کو ناجائز طور پر جیلوں میں ڈال رکھا ہے۔ میری درخواست ہے سب آصف زرداری اور نوازشریف کیلئے دعا کریں۔
اس سے قبل حزب اختلاف کی جماعتوں کی رہبرکمیٹی کے کنوینئراکرم درانی نے کہا ہے کہ آزادی مارچ 2 روز بعد نیارخ اختیار کرے گا، مارچ کے حوالے سے جلد سرپرائز دیں گے، اگلا مرحلہ ہم نے ابھی بتا دیا تو حکومت کاؤنٹر کرے گی۔وہ آج یہاں پیپلزپارٹی کے رہنماء فرحت اللہ بابراور اے این پی رہنماؤں سمیت دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کررہے تھے۔ اکرم درانی نے کہا کہ مارچ جاری رکھنے پر ہم سب متفق ہیں۔ رہبرکمیٹی مناسب وقت پر اپنے فیصلوں سے آگاہ کرے گی۔ اکرم درانی نے کہا کہ ہم نے جن تجاویز پر غورکیا ہے۔انشاء اللہ آزادی مارچ 2 روز بعد نیارخ اختیار کرے گا۔ مارچ کے حوالے سے جلد سرپرائز دیں گے۔انہوں نے کہا کہ بارش کی وجہ سے ہمارا سامان آٹا اور دوسرا سامان گیلا ہوگیا ہے، لیکن کارکن پرعزم ہیں،مارچ کے شرکاء قائد کی کال پر مزید بیٹھنے کو تیار ہیں۔کارکنا ن نے کہا کہ ہم ایک مہینہ بھوکے بیٹھنے کو بھی تیار ہیں۔موسم کو دیکھتے ہوئے مزید انتظامات کررہے ہیں۔ کارکنا ن کے لیے مزید کھانے کے اور دوسرے انتظامات بھی کررہے ہیں، ٹینٹ اور سارا سامان پہنچ رہا ہے۔فرحت اللہ بابر نے کہا کہ حکومت پر دباؤ پر بڑھ رہا ہے ابھی تو پہلا مرحلہ جاری ہے۔ اگلا مرحلہ ہم نے ابھی بتا دیا تو حکومت کاؤنٹر کرے گی۔ مزید برآں جمیعت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں آزادی مارچ اور دھرنے کواٹھانے سے متعلق مولانا فضل الرحمان کے مطالبات پر بات چیت کی گئی۔اس موقع پر چودھری پرویز الٰہی نے مولانا کو مطالبات کی منظوری کیلئے کچھ تجاویز بھی دی ہیں۔ انہوں نے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جلد خوشخبری سنائیں گے، سب پرامید ہیں چیزیں بہتری کی طرف جارہی ہیں ، انہوں نے ایک سوال ’وزیراعظم کے استعفے پر مولانا کو راضی کرلیا؟ کے جواب میں کہا کہ جلد اچھی خبریں دیں گے۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ جس بات پر مولانا راضی ہوں گے، وہی بات ہوگی۔ مولانا کو بہت ساری تجاویز دی ہیں ،امید ہے بہترنتیجہ نکلے گا۔

تازہ ترین خبریں