06:04 am
 سکھ برادری کیلئے تحفہ، کرتار پور راہداری کا آج افتتاح

سکھ برادری کیلئے تحفہ، کرتار پور راہداری کا آج افتتاح

06:04 am

لا ہور (نیوز ڈیسک ) وزیراعظم عمران خان سکھ مذہب کے بانی بابا گرونانک کے 550 ویں جنم دن کے موقع پر بین المذاہب ہم آہنگی کے جذبہ کے عکاس کرتارپور راہداری کے فقید المثال منصوبہ کا ہفتہ کو افتتاح کریں گے، 70 سالہ تاریخ میں پہلی بار سکھ زائرین نارووال میں اپنی مذہبی عبادت گاہ پر بغیر ویزے آ سکیں گے۔ وزیر اعظم عمران خان نے کرتارپورراہداری منصوبے کا سنگ بنیاد 28 نومبر 2018ء کو رکھا تھا، تقریباً ایک سال میں دربار صاحب سے پاک بھارت سرحد تک ساڑھے چار کلو میٹر لمبی سڑک اور دریائے راوی پر پل کی تعمیر مکمل کی جا چکی ہے۔18 اگست 2018 کو وزیر اعظم عمران خان کی تقریب حلف برداری میں آرمی چیف نے سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کو کرتارپور راہداری کھولنے کی خوشخبری سنائی
۔ 28 نومبر 2018 کو وزیر اعظم عمران خان نے کرتار پور راہداری کا سنگ بنیاد رکھا۔ 14 مارچ کو اٹاری کے مقام پر پاکستان اور بھارت کے وفود کی سطح پر پہلے مذاکرات ہوئے اور 14 جولائی کو کرتار پور راہداری کے حوا لے سے واہگہ کے مقام پر اجلاس ہوا، دونوں ممالک کی ٹیکنیکل ٹیموں میں تین سے زائد ملاقاتیں ہوئیں اور انفراسٹرکچر پر اتفاق کیا گیا۔ 30ستمبر کو پاکستان نے سابق بھارتی وزیر اعظم منموہن سنگھ کو راہداری کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی دعوت دی لیکن فی یاتری 20 ڈالرز فیس کے معاملے پر ڈیڈ لاک پیدا ہوا۔ 21 اکتوبر کو بھارت نے پاکستان کی شرط مان لی اورر 24 اکتوبر معاہدے کی تاریخ طے پا گئی۔ 12 نومبر کو بابا گرونانک کا 550 واں جنم دن منایا جائے گا۔ دوسری طرف کرتارپورراہداری کے افتتاح کے موقع پر نارووال میں مقامی سطح پر تعطیل کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر وحید اصغر نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

تازہ ترین خبریں