10:41 am
جے یو آئی (ف) کے رہنماؤں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

جے یو آئی (ف) کے رہنماؤں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

10:41 am

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کی کور کمیٹی کے اجلاس کی سربراہی کی اور حکمرانوں کے خلاف توہین آمیز زبان کے استعمال پر جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنماؤں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا۔مقامی اخبار کی رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کے اجلاس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی بگڑتی ہوئی صحت اور بیرون ملک علاج کے لیے ضروری روانگی کا بھی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا
کہ حکومت نواز شریف کی جانب سے بیرون ملک جانے سے متعلق پابندی ہٹانے سے متعلق درخواست پر لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کو قبول کرے گی۔علاوہ ازیں اجلاس میں میڈیا کے رویے سے متعلق مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور حکومت کی میڈیا ٹیم کی کارکردگی کے جائزے کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔کور کمیٹی کے اجلاس میں کابینہ میں ممکنہ رد و بدل کا معاملہ بھی زیرِ غور آیا اور آگاہ کیا گیا کہ جلد ہی اس حوالے سے معمولی تبدیلیاں کی جائیں گی لیکن کوئی نیا اضافہ نہیں ہوگا۔اجلاس میں شریک ایک شخص نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ڈان کو بتایا کہ پی ٹی آئی، اسلام آباد میں دھرنے کے دوران جے یو آئی (ف) کی تقریروں پر برہم تھی۔انہوں نے مزید کہا کہ ' اجلاس میں فیصلہ کیا کہ ہمیں ایسی تقریروں کو معمول کے انداز میں نہیں لینا چاہیے، جے یو آئی (ف) کے رہنما بھی اسی چیز کا سامنا کریں جس کا دیگر سیاستدانوں اور مصیبت پیدا کرنے والے افراد کو کرنا پڑا تھا۔