08:38 am
عوام کو درپیش مسائل کا حل ہماری ترجیحات میں شامل ہے‘راجہ راشد حفیظ

عوام کو درپیش مسائل کا حل ہماری ترجیحات میں شامل ہے‘راجہ راشد حفیظ

08:38 am


راولپنڈی: پنجاب کے وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ عوام کو درپیش مسائل کا حل ہماری ترجیحات میں شامل ہے اوروزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کی قیادت میں تمام وسائل کو بہترین طریقے سے استعمال میں لا کر عوام کو سہولیات بہم پہنچانے پر پوری محنت اور توجہ کے ساتھ کام ہو رہا ہے ․ انہوں نے یہ بات اپنے حلقے پی پی 16 کی مختلف یونین کونسلوں میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے اور عوامی اجتماعات کے دوران لوگوں کے مسائل سننے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہی ․
 
انہوں نے کہا کہ نئے بلدیاتی نظام کے تحت جلد الیکشن کی تیاریاں ہو رہی ہیں ․ یہ نیا نظام عوام کو بااختیار بنائے گا اور وہ تعلیم ، صحت ، پینے کے صاف پانی اور سڑکوں و گلیوں کی تعمیر سمیت تمام ترقیاتی کاموں کی ترجیحات طے کرنے اور اپنے مسائل خود حل کرنے کیلئے اختیارات دے گا ․ انہو ںنے کہا کہ اگر وسائل کو درست طریقے سے استعمال کیا جائے اور کرپشن کے دروازے بند کر دئیے جائیں تو کوئی وجہ نہیں کہ عوام کو درپیش مسائل زیادہ سے زیادہ حل ہو سکیں ․ ہماری حکومت کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرینس کی پالیسی پر گامزن ہے جس کی وجہ سے وسائل کی بچت ہو رہی ہے اور عوام اس کے ثمرات سے فیض یاب ہونگے ․ انہو ںنے کہاکہ حلقہ پی پی 16 میں سڑکوں و گلیوں کی تعمیر سمیت دیگر ترقیاتی کاموں میں معیار کا پورا پورا خیال رکھا جا رہا ہے اور یہ امر بھی یقینی بنایا جائیگا کہ یہ منصوبے بروقت مکمل ہوں تاکہ لوگ ان سے مستفید ہو سکیں ․ اس موقع پر راجہ راشد حفیظ نے مختلف یونین کونسلوں میںزیر تعمیر سڑکوں و گلیوں کا معائینہ کیا اور متعلقہ لوگوں سے بریفنگ لیتے ہوئے انہیں ہدایت کی کہ وہ ان منصوبوں کی بروقت تکمیل اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے ․ حلقے کے دورے کے دوران راجہ راشد حفیظ نے لوگوں سے ان کے مسائل بھی معلوم کئے اور ان کے حل کیلئے موقع پر ہی متعلقہ حکام کو بذریعہ ٹیلی فون ہدایات جاری کیں ․ انہوں نے وفات پاجانے والے مختلف لوگوں کے پسماندگان کے گھر جا کر فاتحہ خوانی بھی کی -