08:22 am
مقبوضہ کشمیر میں اٹھارہ سالہ نوجوان کی نماز جنازہ کے وقت رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے

مقبوضہ کشمیر میں اٹھارہ سالہ نوجوان کی نماز جنازہ کے وقت رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے

08:22 am

اسلام آباد(نیوز ڈیسک ) بھارتی مقبوضہ کشمیر میں اٹھارہ سالہ نوجوان کی نماز جنازہ کے وقت رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔باریش بزرگ کو جنازے میں شریک افراد مرد و خواتین کو نعرے لگواتے ہوئے دیکھا گیا۔انہوں نے نعرے لگوائے ’عمران خان کا کیا پیغام،کشمیر بنے گا پاکستان ‘۔وہ یہ بھی نعرہ لگاتے ہیں کہ ’ہم پاکستانی ہیں ‘ جس پر شرکاء پر جوش ہوتے ہوئے جواب دیتے ہیں کہ ’ پاکستان ہمارا ہے‘ ۔اس موقع پر خواتین کا جذبہ بھی قابل دید تھا۔اور وہ نعرے بلند کرتی ہیں کہ ’ پاکستان سے رشتہ کیا لا الہ الا اللہ۔جنازے میں شریک ایک شخص کا کہنا ہے
کہ شہید ہونے والے نوجوان کی عمر محض سترہ سے اٹھارہ سال تھی،اس نے میٹرک پاس کیا ہوا تھا۔بھارتی فوج نے اس کو گرفتار کرنے کے لیے کئی چھاپے مارے تھے۔نوجوان کی نماز جنازہ کے لیے لوگ سردی اور برفباری میں اپنے گھروں سے نکلے ہوئے ہیں۔جنازے کی امامت کراتے ہوئے بزرگ جذباتی ہو گئے اور زاروقطار رونے لگے۔خیال رہے کہ بھارت نے 5 اگست سے کشمیریوں پر پابندیاں عائد کر رکھی ہیں،بھارت نے گذشتہ سال اگست میں مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کا حکم دیا۔جس کے بعد وزیراعظم عمران خان نے ہر پلیٹ فارم پر کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کی۔ وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان عمران خان نے 27 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 74 ویں اجلاس سے خطاب کیا اور کشمیریوں کے حق میں آواز اُٹھائی۔وزیراعظم عمران خان نے اپنے خطاب میں مودی حکومت کے کشمیر میں ڈھائے جانے والے مظالم پر بات کی۔ وزیراعظم نے جنرل اسمبلی میں بھارت سے مطالبہ کیا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر سے 50 روز سے زائد جاری کرفیو اٹھائے، کیا اقوام متحدہ ایک ارب 20 کروڑ لوگوں کو خوش کرے گا یا عالمی انصاف کو مقدم رکھے گا؟ عمران خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ فرض کریں کہ ایک ملک اپنے پڑوسی سے سات گنا چھوٹا ہے، اسے دو آپشنز دیے جاتے ہیں، یا تو وہ سرنڈر کردے یا پھر اپنی آزادی کیلئے آخری سانس تک لڑے، ایسے میں ہم کیا کریں گے؟ میں خود سے یہ سوال پوچھتا ہوں، اور میرا یقین ہے کہ لا اله الا الله ہم لڑیں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں 80 لاکھ افرادکو جانوروں کی طرح بند کیا ہوا ہے، یہ نہیں سوچا گیا کہ مقبوضہ کشمیر سے کرفیو اٹھے گا تو کیا ہوگا۔ دنیا نے حالات جان کر بھی کچھ نہیں کیا کیونکہ بھارت ایک ارب سے زیادہ کی منڈی ہے۔ وزیراعظم نے خبردار کیا کہ مقبوضہ کشمیر سے کرفیو اٹھنے پر خونریزی ہوگی۔