01:50 pm
پاکستان کے اہم علاقے میں مدرسے کی چھت گرنے سے کئی بچے جاں بحق

پاکستان کے اہم علاقے میں مدرسے کی چھت گرنے سے کئی بچے جاں بحق

01:50 pm


میر انشاہ ( مانیٹرنگ ڈیسک ) پاکستان کے اہم علاقے میں مدرسے کی چھت گرنے سے کئی بچے جاں بحق ۔۔۔میر انشاہ کے علاقے زہر جان کوٹ میں مدرسے کی چھت گر گئی ، ملبے تلے دب کر پانچ بچے جاں بحق ہو گئے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق میرانشاہ کے علاقے میں مدرسے کی چھت گر جانے سے پانچ بچے جاں بحق ہو گئے ، چھت گرنے سے بچے ملبے کے نیچے دب گئے تھے۔ حادثہ پیش آنے  کے بعد ریسکیو کی سرگرمیوں کو تیزکیا گیااور زخمی افراد کو جلداز جلد 
ہسپتال منتقل کرنے کیلئے اقدامات کئے گئے۔ جس کے بعد 10 زخمیوں کو ٹل ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ مدرسے میں 15 سے زائد افراد موجود تھے جس میں بچے بھی شامل تھے۔ چھت گرنے کے بعد 5 بچوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی گئی ہے تاہم دیگر ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ خیال رہے اس سے قبل فیصل آباد میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے کے نتیجے میں میاں بیوی اور بیٹی جاں بحق اور دو بہن بھائی زخمی ہوگئے۔ تاندلیانوالہ کے علاقے میں گزشتہ رات ہونے والی بارش کے باعث مکان کی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں ظہرے خاں، اس کی اہلیہ عذرا بی بی اور ایک بیٹی جاں بحق ہوگئے جبکہ دو کم سن بہن بھائی زخمی ہوئے ۔ریسکیو ٹیم نے امدادی کارروائی کے بعد زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال تاندلیانوالہ منتقل کردیا ۔ بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے فیصل آباد کے علاقے تاندلیانوالہ میں چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 3افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر اظہار افسوس کیا ہے‘وزیراعلیٰ کا جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی واظہار تعزیت کی‘زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں -وزیراعلیٰ نے کمشنر فیصل آباد سے حادثے کے بارے میں رپورٹ طلب کر لی۔