09:30 am
پاکستان کورونا کیسز کی تعداد میں 15ویں نمبر پر آگیا، اموات کی مجموعی تعداد کتنے ہزار سے تجاوز کرگئی

پاکستان کورونا کیسز کی تعداد میں 15ویں نمبر پر آگیا، اموات کی مجموعی تعداد کتنے ہزار سے تجاوز کرگئی

09:30 am


اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کورونا کیسز کی تعداد میں 15ویں نمبر پر آگیا ہے، گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے 5ہزار کے قریب کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ 67مریض جاں بحق ہوگئے ہیں، ملک میں اموات کی مجموعی تعداد 2ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس کا شکار ہو کر مرنے والوں کی تعداد دو ہزار سے بڑھ گئی ہے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں پانچ ہزار کے لگ بھگ نئے کیسز
سامنے آئے ہیں۔ اتوار کی صبح جاری کیے گئے سرکاری اعداد وشمار کے مطابق ملک میں وائرس سے مزید 67 افراد کی اموات کے بعد املک میں جاں بحق ہونے والوں کی کل تعداد دو ہزار دو ہو گئی ہے جبکہ متاثرین 98 ہزار 943 ہیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر نے بتایا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 23 ہزار 100 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے چار ہزار 960 مثبت آئے ہیں۔ جس کے بعد پاکستان دنیا بھر میں کورونا کیسز کی تعداد کے لحاظ سے 15ویں نمبر پر آگیا ہے۔ اس کے علاوہ ملک میں صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد 33 ہزار 465 ہو گئی ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اموات کی تعداد بڑھ کر 49 ہو گئی ہے۔ ملک میں سب سے زیادہ ہلاکتیں صوبہ پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں یہ تعداد 683 تک پہنچ گئی ہے۔ سندھ میں کورونا وائرس کا شکار ہو کر موت کے منہ میں جانے والوں کی تعداد 634 ہے جبکہ خیبر پختونخوا میں 561 مریض ہلاک ہوئے ہیں۔ خیال رہے کہ پاکستان میں دو ماہ تک لاک ڈاؤن رہنے کے بعد کاروبار کو مرحلہ وار کھولا گیا ہے اور وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ دنوں کہا تھا کہ ملک دوبارہ لاک ڈاؤن کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے وبا کے پھیلاؤ کو تسلیم کیا تاہم کہا کہ اس کے ساتھ جینا ہوگا اور احتیاطی تدابیر اپنانا ہوں گی۔