06:10 am
راشن جمع کرلیں ۔۔عیدکے موقع پرحکومت کن کن علاقوں میں لاک ڈائون لگانے پرغورکررہی ہے ،جانیں

راشن جمع کرلیں ۔۔عیدکے موقع پرحکومت کن کن علاقوں میں لاک ڈائون لگانے پرغورکررہی ہے ،جانیں

06:10 am

اسلام آباد(ویب ڈیسک )نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر سے جاری اعدادو شمار کے مطابق پاکستان میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 43 ہزار 599 ہوگئی ہے ۔ دوسری جانب اٹلی میں گزشتہ روز تک 2 لاکھ 42 ہزار 363 کیس رپورٹ ہوئے ۔ این سی او سی کے مطابق آزاد کشمیر میں 1485، بلوچستان 11ہزار99 ، گلگت بلتستان 1619، اسلام آباد 13ہزار 829، کے پی کے 29ہزار 406، پنجاب 85ہزار 261 اور سندھ میں ایک لاکھ 900 مریض ہیں۔ پاکستان بھر میں ایک لاکھ 49 ہزار 92 مریض کورونا وائرس کو شکست دیکر مکمل صحت یاب ہو چکے ہیں اور گزشتہ روز 2751 نئے
مثبت کیس رپورٹ ہوئے جبکہ مزید 75 افراد کورونا وائرس سے لڑتے ہوئے جان کی بازی ہارگئے ۔ ملک بھر میں مجموعی اموات5 ہزار 58 ہوچکی ہیں جن میں سندھ کی 1677، پنجاب کی 1972، کے پی کے کی1063، اسلام آباد کی 146، بلوچستان کی 125، گلگت بلتستان کی34 اور آزاد کشمیر کی 41 اموات شامل ہیں۔ ملک بھر کے 733 ہسپتالوں میں 4565 مریض زیر علاج ہیں۔ادھر ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق لاہور میں کورونا سے مزید 5افراد جاں بحق ہوئے اور 305 نئے مریض رپورٹ ہونے سے تعداد44254ہوگئی ۔ مسلم لیگ ن کی ایم پی اے ثانیہ عاشق بھی نئے مریضوں میں شامل ہیں ۔ جبکہ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا اعداد و شمار میں بہتری کے باوجود اطمینان کی جگہ نہیں، ٹیسٹوں کی تعداد میں اضافہ کرنے کی ضرورت ہے اور ٹیم اس پر کام کر رہی ہے ۔دوسری جانب وزیراعلیٰ عثمان بزدارکی ہدایت پر کیبنٹ کمیٹی برائے کورونا اینڈ ڈینگی کنٹرول کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا،جس میں عید الاضحی کے ایام میں سمارٹ لاک ڈاؤن کی تجویز پر غورکیاگیا۔اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ عیدالاضحی پر پارک اورتفریحی مقامات بند رہیں گے ۔سکولوں کے ایڈمن آفس کھولنے اورانتظامی عملے کو آنے کی اجازت دی جارہی ہے تاہم طلبہ اوراساتذہ کوسکولوں میں آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ سیکرٹری سکولز ایجوکیشن نے بتایا کہ سکولوں کو دوشفٹوں میں چلانے پر غورکیا جارہاہے اورہرشفٹ میں ڈھائی گھنٹے کی کلاسز ہوں گی،سکولوں میں ہینڈ واش،ماسک اوردیگر ضروری حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جا ئیں گے ۔سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئرنے بتایا کہ پنجاب میں کورونا کے مریضوں کی تعداد میں کمی کا رحجان دیکھنے میں آرہا ہے ۔ادھر وفاقی وزارت تعلیم نے تعلیمی ادارے کھولنے کے حوالے سے صوبوں کو این سی اوسی کے فیصلوں کی کاپی ارسال کر دی۔ جبکہ وفاقی وزارت برائے قومی صحت کی جانب سے عید الاضحی اور قربانی کے حوالے سے ہدایات جاری کردی گئی ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ اس سال حکومت آن لائن اور ای قربانی کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے ۔تفصیلی ہدایت نامے میں کہا گیا کہ بیچنے والوں سمیت مویشی منڈی جانے والا ہر شخص ماسک پہنے اور دستانوں کے بغیر جانوروں کو ہاتھ نہ لگائے ۔اسی طرح عید کے اجتماعات میں بھی ہر شخص کو ماسک پہننے اور ایک دوسرے سے کم از کم چھ فٹ کا فاصلہ رکھنے کی تاکید کی گئی ہے اور یہ بھی کہا گیا ہے کہ مساجد میں کوئی جائے نماز یا چٹائی نہ بچھائی جائے اور نمازیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنا اپنا مصلیٰ ساتھ لے کر آئیں