04:55 pm
خیبر پختونخوا حکومت پر عید الاضحی پر عوام کی مشکلات دور کرنے کےلئے مثالی اقدامات

خیبر پختونخوا حکومت پر عید الاضحی پر عوام کی مشکلات دور کرنے کےلئے مثالی اقدامات

04:55 pm

پشاو ر (مانیٹرنگ ڈیسک) عید الاضحی کی آمد پرشہریوں کو ممکنہ مشکلات سے بچانے کےلئے کے پی کےحکومت نے پیشگی انتظامات کرلیے ہیں۔ کرونا وائرس کی صورتحال میں عوام میں وبا پھیلنے سے روکنے کےلئے ایس او پیز پرعملدرآمد کویقینی بنانےکےلئے کہا گیا ہے۔ اسی طرح اس بات کو بھی یقینی بنایا جارہا ہے کہ ٹرانسپورٹز عید کے موقع کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے مسافروں سے زائد کرایے وصول نہ کرنے پائیں۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ ملک شاہ محمد وزیر
نے عید ٹریفک پلان کے حوالے سے ایک اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ ذاکر حسین آفریدی، ایڈیشنل سیکرٹری ارشدخان آفریدی، سیکرٹری صوبائی ٹرانسپورٹ اتھارٹی طارق حسین، ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیز اور ٹریفک پولیس کے افسران نے شرکت کی۔ ملک شاہ محمد وزیر نے کہا کہ عیدالاضحی سے تین دن پہلے محکمہ ٹرانسپورٹ کے اہلکاروں کی سپیشل ڈیوٹیاں لگائی جائیں تاکہ ٹرانسپورٹ میں کسی قسم کی ایس او پیز اور مقررہ کرایوں کی خلاف ورزی کا امکان نہ ہو۔ انہوں نے ہدایت کی کہ بھوسے اور لکڑیوں کے اوورلوڈ ٹرکوں پر کڑی نظر رکھیں اور انہیں کنٹرول کریں۔ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کو مثالی بنانے کیلئے تمام افسران اپنا کردار ادا کریں سیکرٹری ٹرانسپورٹ ذاکر حسین آفریدی نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کرونا وبا کے دوران زائد کرایے اور ایس او پیز کی خلاف ورزی پر تقریبا ایک کروڑ روپے کے جرمانے عائد کیے گئے ہیں اور اس طرح تقریبا 20 لاکھ روپے کے زائد کرایے مسافروں کو موقع پر واپس کئے گئے ہیں۔