05:45 pm
ملک ریاض کے داماد کی نیب کے ساتھ تاریخ کی سب سے بڑی پلی بارگین، بڑی خبر

ملک ریاض کے داماد کی نیب کے ساتھ تاریخ کی سب سے بڑی پلی بارگین، بڑی خبر

05:45 pm


اسلام آباد  (مانیٹرنگ ڈیسک ) احتساب عدالت نے بحریہ ٹاؤن کے ڈائریکٹر زین ملک کی نیب راولپنڈی کی جانب سے دائر کردہ 6 ریفرنسز میں 9 ارب 5 کروڑ کی پلی بارگین کی درخواست منظور کر لی ہے۔ قومی احتساب بیورو (نیب) راولپنڈی کے ڈرائریکٹر جنرل عرفان نعیم منگی کے مطابق نیب نے تاریخ کی بڑی پلی بارگین کی ہے۔ معاہدے کی تفصیل بیان کرتے ہوئے ڈی جی عرفان نعیم منگی کا کہنا تھا کہ کیس بعنوان ریاست بمقابلہ حسین لوائی اور دیگر میں 2 ارب 10 کروڑ روپے کی رقم وصول کی گئی ہے۔ خواجہ عبدالغنی مجید کے خلاف کیس میں ایک ارب 56 کروڑ 30 لاکھ روپے،
سابق ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) منظور قادر کاکا کے خلاف کیس میں 2 ارب روپے، مشتاق احمد اور زین ملک کے خلاف کیس میں ڈیل کے تحت 31 کروڑ روپے، زرداری گروپ اور اوپل۔225 کے خلاف کیس میں ایک ارب 70 کروڑ روپے جبکہ زین ملک اور مشتاق احمد کے خلاف کیس میں 4 ارب 95 کروڑ روپے وصول کئے گئے ہیں۔ چیئرمین جاوید اقبال نے نیب راولپنڈی کی کارکردگی کیلئے بلائے گئے اجلاس میں ڈی جی عرفان نعیم منگی کے زیر نگرانی کام کی تعریف کی۔ اس موقع پر چیئرمین نیب کو بتایا گیا کہ احتساب عدالت نے ملزم میاں وسیم عرف لکی کی بھی ایک ارب 95 کروڑ روپے کی پلی بارگین کی درخواست منظور کر لی ہے۔ اسی طرح مضاربہ کے متعدد کیسز کے الگ الگ فیصلوں سے بھی چیئرمین نیب کو آگاہ کیا گیا۔ چیئرمین نیب کو بتایا گیا کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے سابق ڈی جی منظور کاکا نے پاکستان اسٹیل کی 506 ایکڑ اراضی کو غیر قانونی طریقے سے الاٹ کیا تھا جس میں سے 300 ایکڑ اراضی کی دستاویزات حکومت سندھ کو واپس کر دی گئی ہیں۔