10:04 pm
علامہ خادم حسین رضوی انتقال کر گئے ، انتقال کی انتہائی افسوسناک وجہ بھی سامنے آگئی

علامہ خادم حسین رضوی انتقال کر گئے ، انتقال کی انتہائی افسوسناک وجہ بھی سامنے آگئی

10:04 pm



لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک ) تحریک لبیک کے سربراہ انتقال کر گئے۔ تفصیلات کے مطابق مذہبی جماعت تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ وفات پا گئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تحریک کے سربراہ خادم حسین رضوی گزشتہ کچھ عرصے سے علیل تھے۔ ان کے گھریلو ذرائع کے مطابق انہیں چند دنوں سے بخار تھا جبکہ آج انہیں دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا جس کے بعد ان کا انتقال ہوگیا۔ خادم حسین رضوی نے گزشتہ کچھ سالوں کے دوران پاکستانی سیاست میں اہم مقام حاصل کیا تھا۔
مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں ناموس رسالت کے معاملے پر ان کی جماعت تحریک لبیک پاکستان کو ملکی سطح پر پذیرائی ملی تھی، جبکہ عام انتخابات 2018 میں ٹی ایل پی ملک کی سب سے بڑی مذہبی جماعت کے طور پر سامنے آئی تھی۔ تحریک لبیک انتخابات کے دوران لاکھوں ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔ بعد ازاں آسیہ بی بی رہائی کے معاملے پر خادم حسین رضوی اور دیگر ٹی ایل پی قائدین نے ملک میں انتشار پھیلانے کی کوشش کی، جس پر انہیں گرفتار کر لیا گیا تھا۔ خادم حسین رضوی کو کئی ماہ جیل کاٹنے اور معافی نامے پر دستخط کیے جانے کے بعد رہا کیا گیا تھا۔ گزشتہ ہفتے ان کی جانب سے ایک مرتبہ پھر اسلام آباد کی جانب سے رخ کیا گیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ فرانس کے سفیر کو ملک بدر کیا جائے۔ مذاکرات کے بعد خادم حسین رضوی نے اسلام آباد میں دھرنا ختم کرنے کا اعلان کیا، جبکہ اب وہ علالت کے باعث انتقال کر گئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ علامہ خادم حسین رضوی کو ناموس رسالت کے جلسے کے دوران بھی تیز بخار تھا جس کی وجہ سے انہیں جلسے میں شرکت سے منع بھی کیا تھا تاہم وہ پھر بھی جلسے میں شریک ہوئے ۔ انا للہ ونا الیہ راجعون

تازہ ترین خبریں