01:26 pm
فارن فنڈنگ کیس کی براہ راست کوریج :پیپلز پارٹی اورن لیگ نے وزیراعظم کا چیلنج قبول کرلیا

فارن فنڈنگ کیس کی براہ راست کوریج :پیپلز پارٹی اورن لیگ نے وزیراعظم کا چیلنج قبول کرلیا

01:26 pm

اسلام آباد(روزنامہ اوصاف) پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ(ن) نے فارن فنڈنگ کیس کی براہ راست کوریج کا وزیراعظم کا چیلنج قبول کرتے ہوئے کہاہے کہ عمران خان نےجوچیلنج دیااب اس پرقائم رہیں یوٹرن نہ لیں۔پیپلزپارٹی ترجمان نے کہا ہے کہ عمران خان نےجوچیلنج دیااب اس پرقائم رہیں یوٹرن نہ لیں،فارن فنڈنگ کیس کی سماعت کی براہ راست کوریج کیلئے تیار ہیں۔پی پی ترجمان نے الیکشن کمیشن سےمطالبہ کیا کہ روزانہ کیس کی سماعت کرے اور کرپشن کےتمام ریفرنسزکی بھی براہ راست کوریج کی جائے جبکہ نیب تحویل میں اپوزیشن قائدین کی انکوائریز اور احتساب عدالتوں میں مقدمات کی سماعت لائیونشرکی جائے۔
 
دوسری جانب ترجمان مسلم لیگ نون مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا کہ ‎عمران صاحب 24 گھنٹے گزر چکے ہیں، ابھی تک آپ نے الیکشن کمیشن میں فارن فنڈنگ کیس کا ریکارڈ اوپن کرنے کی درخواست نہیں کی، الیکشن کمیشن میں فوری طور پر درخواست دیں کہ فارن فنڈنگ کیس کی سماعت اوپن کی جائے، عوام انتظار کر رہے ہیں، آپ کب اپنے اعلان پر عمل کریں گے؟۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ‎ فارن فنڈنگ کیس میں 23 پکڑے جانے والے خفیہ اکاؤنٹس عوام کے سامنے لانے کا آج حکم جاری کریں، فارن فنڈنگ کیس کی کارروائی خفیہ نہ رکھنے کی درخواست دائر کریں، میڈیا انتظار کر رہا ہے، آپ کی چوری پر امریکہ میں بھی تلاشی شروع ہوچکی ہے، وہاں بھی غیر قانونی فارن فنڈنگ چھپانے کے لئے وکیل کر چکے ہیں، دنیا کو پتہ چل گیا آپ کتنے بڑے چور ہیں۔یاد رہے گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے وزیرستان میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ فارن فنڈنگ کیس میں پارٹی سربراہوں کو بٹھا کر اوپن سماعت ہونی چاہیئے، چیلنج کرتا ہوں سیاسی فنڈ ریزنگ صرف تحریک انصاف نے کی ، فارن فنڈنگ کیس ٹی وی پر براہ راست دکھایا جائے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اوورسیزپاکستانیوں کےبھیجےگئےترسیلات زرسےملک چلتاہے، میں نے شوکت خانم کی فنڈنگ سمندرپارپاکستانیوں سےکی، ان جماعتوں کومعلوم ہے اورمجھے بھی پتا ہے فارن فنڈنگ کیاہے، کئی ملک ان جماعتوں کو پیسے دیتے رہے، ان ممالک سے تعلقات کی وجہ سےمیں بتا نہیں سکتا۔

تازہ ترین خبریں