09:07 am
وفاقی وزیر اطلاعات کا اداکار شان کی والدہ کی وفات پر اظہارافسوس

وفاقی وزیر اطلاعات کا اداکار شان کی والدہ کی وفات پر اظہارافسوس

09:07 am

اسلام آباد(روزنامہ اوصاف)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے پاکستان کے معروف اداکار شان کی والدہ کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے ۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ اداکار شان کی والدہ اور معروف اداکارہ نیلو کے انتقال پر افسوس ہے۔
 
وہ فن کی دنیا کا ایک بڑا نام اور ایک باصلاحیت اداکارہ تھیں۔اللہ تعالی مرحومہ کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔آمین

قبل ازیںہفتہ کی شب اداکار شان شاہد نے اپنے ٹویٹر پیغام میں نیلو کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے لکھا ہے کہ میں انتہائی دکھ کے ساتھ اپنی والدہ کے انتقال کی خبر شیئر کر رہا ہوں، وہ اپنے خالق حقیقی کے پاس چلی گئی ہیں اداکارہ نیلو نے 1956 میں فلم ’بھوانی جنکشن‘ سے اپنی کیریئر کا آغاز کیا، اس وقت ان کی عمر صرف 12 برس تھی۔ ان کی یادگار فلموں میں زرقہ، دو راستے، گھونگھٹ اور راستے شامل ہیں جبکہ انہیں فلم زرقہ میں بہترین اداکاری کیلئے نگار ایوارڈ سے بھی نوازا گیا فلم سات لاکھ میں نیلو پر فلمایا گیا گانا ’’آئے موسم رنگیلے سہانے‘‘ اُن کی پہچان بن گیا۔انہوں نے سرگودھا کے نواحی قصبے بھیرہ کے مسیحی گھرانے میں آنکھ کھولی، ان کا اصل نام سنتھیا الیگزینڈر تھا جو فلمی دنیا میں قدم رکھنے پر تبدیل کرکے نیلو رکھا گیا، معروف ہدایتکار ریاض شاہد سے شادی کے بعد ایک بار پھر نام تبدیل کرتے ہوئے عابدہ رکھ لیا تھا۔فروری 1965ء میں نیلو نے ایک شو کے منتظمین کی جانب سے رقص کیلئے دباؤ ڈالنے پر خواب آور گولیاں کھالی تھیں، تاہم ڈاکٹروں کی کوششوں سے وہ صحتیاب ہوگئیں، جس کے بعد حبیب جالب نے ان پر ایک نظم ’’نیلو‘‘ تحریک کی تھی، اس کا مصرعہ ’’رقص زنجیر پہن کر بھی کیا جاتا ہے‘‘ کافی مشہور ہوا، اس نظم کو بعد ازاں نیلو پر ہی فلم ’’زرقہ‘‘ میں فلمایا گیا تھا۔


تازہ ترین خبریں