12:19 pm
عمران خان کو چوہوں کی طرح حکومت نہیں کرنی تو پھر شیر بنیں ، استعفیٰ د ے کرنئے الیکشن کرائیں،عوام سے اعتماد کا ووٹ لیں،اپوزیشن

عمران خان کو چوہوں کی طرح حکومت نہیں کرنی تو پھر شیر بنیں ، استعفیٰ د ے کرنئے الیکشن کرائیں،عوام سے اعتماد کا ووٹ لیں،اپوزیشن

12:19 pm

اسلام آباد(روزنامہ اوصاف)پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) کی اعلیٰ قیادت نے عمران خان سےاستعفیٰ دے کر نئے الیکشن کرانے کا مطالبہ کردیااورکہا ہے کہ سینیٹ الیکشن میں ایوان نے وزیراعظم پر عدم اعتماد کااظہار کردیا ،اب عمران خان اگر چوہوں کی طرح حکومت نہیں کرنا چاہتے توشیر بنیں ،استعفیٰ دیں،نئے الیکشن کرائیں اور عوامی میدان میں جائیں ،اگر وہ ایسا نہیں کرتے ،اعتماد کا ووٹ لینے اور دیگر حیلے بہانے اور ڈرامے نہ کریں ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق آصف علی زرداری اور مولانا فضل الرحمن کا میاں نوازشریف سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا ۔
تینوں رہنمائوں نے پی ڈی ایم کی مستقبل کی حکمت عملی اور لانگ مارچ کی تیاریوں کے حوالے سے مشاورت کی ۔نوازشریف نے یوسف رضا گیلانی کی سینیٹ الیکشن میں کامیابی کو جمہوریت کی فتح قرار دیا اور آصف علی زرداری اور مولانا فضل الرحمن کو بڑی کامیابی پر مبارکباد دی ۔مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ یوسف رضا گیلانی اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار تھے جنہوں نے بڑی کامیابی حاصل کی ہے اوراس کامیابی کے بعد حکومت لڑکھڑا گئی ہے جبکہ آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم رہنمائوں نے بڑی حکمت عملی کے تحت حکومتی امیدوار کو شکست سے دو چار کیا اور اپنے امیدوار یوسف رضا گیلانی کو کامیاب کرایا ۔تینوں رہنمائوں نے سینیٹ میں حکومتی امیدوار حفیظ شیخ کی شکست پروزیراعظم عمران خان کے استعفے کا مطالبہ کیا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ سینیٹ میں عبرتناک شکست کے بعد عمران بابا اور چالیس چور اکٹھے ہوئے اور مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ عمران بابا ایوان سے اعتماد کا ووٹ لیں گے ،ان لوگوں کو نہ تو قانون و آئین کا پتہ ہے۔انہوں نے کہاکہ قومی اسمبلی اور حکومت کی جو حالت ہے وہ سب کے سامنے ہے ،کل کیا ہوا یہ پورے پاکستان نے دیکھ لیا ہے اس حکومت کا وزیرخزانہ امیدوار تھا جس کی کمپین وزیراعظم نے خود چلائی اورارب روپے کی سکیمیں دینے کے ایم این ایز کو لالچ دیئے اور حفیظ شیخ کوکامیاب کرانے کیلئے ہر حربہ استعمال کیا اس کے باوجود بھی حکومت کو شکست فاش ہوئی اور یہ بات عیاں اور حقیقت ہے کہ عمران خان نیازی اس ہائوس کا اعتماد کھو چکا ہے اور حکومتی بنچوں پر بیٹھنے والے 17 لوگوں نے عمران خان کیخلاف ووٹ دیا جو عمران خان پر عدم اعتماد ہے ۔شاہد خاقان نے کہاکہ اگر ملک کو موجودہ گھمبیر صورتحال ، مہنگائی اور معاشی بدحالی سمیت بحرانوں سے نکالنا ہے تو نئے الیکشن کرائے جائیں تاکہ پاکستان کے عوام کواپنی رائے استعمال کرنے کا موقع ملے اور وہ فیصلے کریں ۔انہوں نے کہاکہ ڈھائی سالوں میں حکومت کی کارکردگی پورے پاکستان کے عوام نے دیکھی ہے ، اس حکومت کی وجہ سے پورا پاکستان پریشان ہے اس ملک میں واحد راستہ نئے الیکشن ہیں اور پاکستان کے عوام پھر ایک نئی حکومت منتخب کریں جو ملک کے مسائل حل کرسکے اور جتنے جلد نئے الیکشن ہوں گے یہ ملک و قوم کے لئے اچھا ہوگا ورنہ نہ ملک چلے گا ، نہ معیشت چلے گی نہ کاروبار کا پہیہ چلے گا۔عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کیلئے نئے الیکشن کرانے ہوں گے ،یہ پی ڈی ایم سمیت تمام جمہوری قوتوں کا مطالبہ ہے اور یہ حکومتی بنچوں پر بیٹھنے لوگوں کا بھی مطالبہ ہے جنہوں نے جمہوریت کو سپورٹ کیا ہے اور جو عوام کے حقیقی نمائندے ہیں ۔

راجہ پرویز اشرف نے کہاکہ راجہ پرویز اشرف نے کہاکہ سینیٹ الیکشن میں جو حکومت کو شکست فاش ہوئی ہے اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی اس خفت اور بے عزتی کو مٹانے کے لئے کئی طرح کی منصوبہ سازی کی جارہی ہے لیکن حقیقیت یہ ہے کہ پورے پاکستان میں ضمنی انتخابات یا سینیٹ کے انتخابات ہوں اور خاص طورپر اسمبلی میں لیڈر آف ہائوس وزیراعظم عمران خان شکست کھانے کے بعد جو کچھ بھی حیالے بہانے کریں گے وہ سب فضول ہیں اور حقیقت یہ ہے کہ کل قومی اسمبلی نے وزیراعظم پر عدم اعتماد کردیا ہے ۔عمران خان کل کھڑے ہو کہا کرتا تھا اگر دس آدمی بھی میرےخلاف نکل آئیں اورگو عمران گو کا نعرے لگائیں گے تو میں حکومت چھوڑ کر چلا جائوں گا اور کل تو 17 حکومتی ممبران نے سینیٹ میں حکومتی امیدوار کیخلاف ووٹ دیا اور ’’گوعمران گو‘‘ کا نعرہ لگایا اس کے بعد عمران خان کے پاس کوئی جواز باقی نہیں رہتا کہ وہ کرسی پر بیٹھے۔راجہ پرویز اشرف نے کہاکہ عمران خان کہتا ہے کہ میں چوہوں کی طرح حکومت نہیں کرنا چاہتا تو پی ڈی ایم جواب میں کہتی ہے کہ اگر آپ چوہے نہیں ہیں تو پھر شیروں کی طرح استعفیٰ دیں اور خود کو عوام کے میدان میں پیش کردیں ۔لیکن اگر آپ نے کوئی بھی بہانہ کرنے ، تحریک لانے کی کوشش کی تو پھر عوام سمجھیں گے آپ چوہوں کی طرح حکومت کرنا چاہتے ہیں شیروں کی طرح نہیں ۔

تازہ ترین خبریں