04:48 am
دہی کھائیں اور خاموش قاتل کہلانے والے مرض سے چھٹکارہ پائیں

دہی کھائیں اور خاموش قاتل کہلانے والے مرض سے چھٹکارہ پائیں

04:48 am

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)اگر تو آپ کو دہی کھانا پسند ہے تو اچھی خبر یہ ہے کہ اس عادت کے باعث آپ ہائی بلڈ پریشر جیسے خاموش قاتل سے بچ سکتے ہیں۔یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی۔بوسٹن یونیورسٹی اسکول آف میڈیسین کی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ جو خواتین ایک ہفتے میں 5 یا اس سے زائد بار دہی کھاتی ہیں، ان میں ہائی بلڈ پریشر کے مرض کا امکان کم ہوتا ہے۔
اس تحقیق کے دوران لاکھوں افراد کے ڈیٹا کا تجزیہ کرکے یہ دریافت کیا گیا کہ دہی کا ہفتے میں کئی بار استعمال ہائی بلڈ پریشر کا خطرہ 20 فیصد تک کم کردیتا ہے۔تحقیق میں دہی کے استعمال کے اثرات خواتین پر زیادہ مرتب ہوئے جس کی وجہ مردوں کی جانب سے اسے کم کھانا ہے۔محققین کے مطابق اگر دہی میں پھل، سبزیاں، بیج یا گریاں وغیرہ شامل کرلیے جائیں تو اس کا فائدہ بھی بڑھ جاتا ہے اور ہائی بلڈ پریشر کا خطرہ 31 فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ کوئی بھی غذا جادوئی نہیں ہوتی مگر اپنی خوراک میں دہی کا استعمال کرکے طویل المعیاد بنیادوں پر ہائی بلڈ پریشر کا خطرہ کم کیا جاسکتا ہے۔تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ دودھ سے بنی مصنوعات کا روزانہ استعمال خاص طور پر دہی ہائی بلڈ پریشر کی تشکیل کا خطرہ کم کرتا ہے تاہم ایسا کیوں ہوتا ہے اس کی وضاحت نہیں کی گئی۔تاہم ماضی میں کی جانے والی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ دہی میں موجود بیکٹریا کولیسٹرول کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے جو کہ خون کی شریانوں کو تنگ کرکے ہائی بلڈ پریشر کا سبب بنتا ہے۔یہ تحقیق امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن کی کانفرنس میں پیش کی گئی۔

تازہ ترین خبریں