05:06 pm
راحت فتح علی خان سعدیہ امام کے خلاف عدالت جائیں گے

راحت فتح علی خان سعدیہ امام کے خلاف عدالت جائیں گے

05:06 pm

کراچی (آئی این پی) معروف ٹی وی اداکارہ و میزبان سعدیہ امام کی جانب سے لگائے جانے والے گانے کی چوری کے الزامات کے جواب میں راحت فتح علی خان نے معاملے کو عدالت لے جانے کا عندیہ دیا ہے۔اس حوالے سے جب راحت فتح علی خان کی بزنس انتظامیہ سے بات کی گئی تو خان کے بزنس ڈائریکٹرسلمان احمد نے بتایا کہ جب پوری دنیا راحت فتح علی خان کو آکسفورڈ یونیورسٹی کی جانب سے اعزازی ڈگری ملنے کا جشن منارہی تھی
اس وقت سعدیہ امام اتنے برس گزرنے کے بعد یہ سب کہہ رہی تھیں۔ سلمان احمد نے مزید کہا اگر ضرورت پڑی تو ہم یہ معاملہ عدالت لے کر جائیں گے اوراگرسعدیہ امام اپنے دعوے پر قائم رہیں کہ ان تمام گانوں کی شاعری انہوں نے لکھی ہے تو انہیں اس بات کے ثبوت فراہم کرنے ہوں گے۔ واضح رہے کہ دو روز قبل اداکارہ سعدیہ امام نے ایک ٹی وی شومیں انکشاف کیا تھا کہ بالی ووڈ فلم کلیوگ کا مقبول ترین گیت جیا دھڑک دھڑک جائے جسے راحت فتح علی خان نے گایا ہے اس گیت کے بول دراصل انہوں نے لکھے تھے لیکن افسوس کی بات ہے کہ انہیں اس گانے کی شاعری کا کریڈٹ نہیں دیا گیا۔صرف یہی گیت نہیں بلکہ سعدیہ امام نے کہا کہ فلم لائف ان اے میٹرو کے لیے راحت فتح علی خان کا گایا ہوا ایک اورگیت زندگی سفر میں ہے کٹ رہا ہے راستہ کی شاعری بھی سعدیہ نے ہی لکھی تھی لیکن بدقسمتی سے اس گانے میں بھی ان کا نام کہیں شامل نہیں۔سعدیہ امام کا کہنا تھا کہ وہ اورراحت فتح علی خان بہت اچھے دوست ہیں اورانہوں نے اس بارے میں کبھی اس لیے بات نہیں کی کیونکہ وہ اپنے گانے بطور دوست راحت فتح علی خان کو دے چکی تھیں، تاہم یہ ان کی اخلاقیات تھی کہ وہ ان گانوں کا کریڈٹ مجھے دیتے لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا۔

تازہ ترین خبریں