11:55 am
کیا محسن عباس حیدر اور ماڈل نازش جہانگیر شادی کرنیوالے ہیں

کیا محسن عباس حیدر اور ماڈل نازش جہانگیر شادی کرنیوالے ہیں

11:55 am

کراچی (نیوز ڈیسک) اہلیہ پر گھریلو تشدد کرنے والے پاکستانی اداکار اور گلوکار محسن عباس حیدر اور نازش جہانگیر کی شادی کی خبریں گردش کرنے لگیں۔ تفصیلات کے مطابق ماڈل نازش جہانگیر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر محسن عباس حیدر سے جلد شادی کرنے کا عندیہ دے دیا ۔ ہوا کچھ یوں کہ انسٹا گرام پر ایک فین پیج نے محسن عباس حیدر اور نازش جہانگیر کی تصاویر اپ لوڈ کیں اور سوال کیا
کہ دونوں کی جوڑی بہترین ہے جس پر ماڈل نازش جہانگیر نے کمنٹس سیکشن میں کمنٹ کیا کہ انشاءاللہ بہت جلد۔نازش جہانگیر کے اس کمنٹ کو لائیک بھی کیا جس کے بعد سے سوشل میڈیا سائٹس پر ان دونوں کی شادی کی خبریں تیزی سے گردش کرنے لگیں۔ایک طرف جہاں ان خبروں پر محسن عباس حیدر اور نازش جہانگیر کے مداحوں نے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا وہیں دوسری جانب محسن عباس حیدر کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔سوشل میڈیا صارفین کا کہنا تھا کہ محسن عباس حیدر نے اپنی اہلیہ اور اپنے بیٹے کی زندگی خراب کر کے دوسری شادی کی تیاری بھی کر لی ہے جو نہایت افسوسناک ہے۔ سوشل میڈیا صارفین نے غلط بیانی کرنے پر ماڈل نازش جہانگیر کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ جب محسن عباس حیدر کی اہلیہ فاطمہ نے اپنے شوہر کے نازش جہانگیر سے ناجائز تعلقات کی بات کی تھی تب نازش جہانگیر نے ان سب الزامات کو مسترد کرتے ہوئے فاطمہ کو جھوٹا قرار دیا تھا اور اب وہ محسن عباس حیدر سے شادی کی تیاریاں کر رہی ہیں۔یاد رہے کہ معروف گلوکار و اداکار محسن عباس حیدر کی اہلیہ فاطمہ سہیل نے اپنے شوہر پر مار پیٹ کرنے اور دھوکہ دینے کا الزام عائد کیا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ محسن عباس حیدر کے نئی ماڈل نازش خان کے ساتھ ناجائز تعلقات ہیں اور انہوں نے اس کے لیے مجھے دھوکہ بھی دیا۔ اس معاملے پرسماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر ماڈل نازش خان کا کہنا تھا کہ فاطمہ نے مجھ پر بغیر کسی ثبوت کے الزام عائد کیا کہ میرے ان کے شوہر کے ساتھ ناجائز تعلقات ہیں۔جس کے بعد سے مجھے گھر توڑنے والی کہا گیا۔ آپ سب اپنی عقل کا استعمال کریں اور سوچیں کہ اگر فاطمہ کے پاس میرے خلاف کوئی ثبوت ہوتے تو وہ ان کو بھی منظر عام پر لاتی جیسے فاطمہ اپنے شوہر کے خلاف ثبوت سامنے لے کر آئی۔انہوں نے کہا تھا کہ میرے لیے یہ سب کچھ نہایت اذیت ناک ہے اور اسی لیے میں اس سلسلے میں مزید بات نہیں کروں گی۔ محسن عباس میرا ایک بہت اچھا دوست ہے اور اُس کی بیوی بھی۔ مجھے بالکل اندازہ نہیں ہے کہ ایسا کیا ہوا کہ فاطمہ نے اس سب میں میرا نام بھی لیا اورمجھ پر وہ الزامات عائد کیے جن کا میں تصور بھی نہیں کر سکتی تھی۔ تاہم اب محسن عباس حیدر اور نازش جہانگیر کی شادی کی خبریں گردش کر رہی ہیں جس پر خود نازش جہانگیر بھی کافی خوش دکھائی دے رہی ہیں۔