11:59 am
دلدار پرویز بھٹی کی 25 ویں برسی (کل)منائی جائیگی

دلدار پرویز بھٹی کی 25 ویں برسی (کل)منائی جائیگی

11:59 am

لاہور( این این آئی ) پاکستان ٹیلی ویژن اور ریڈیو کے نامور کمپیئر، کالم نگار اور مصنف دلدار پرویز بھٹی کی 25 ویں برسی کل (بدھ ) کو منائی جائے گی ۔دلدارپرویز بھٹی 30نومبر 1948ءکو گوجرانوالہ میں پیدا ہوئے ۔دلدار بھٹی ابتداء میں ساہیوال کے گورنمنٹ کالج میں لیکچرار تعینات ہوئے۔مختصرعرصے میں سینکڑوں دلوں میں گھر کرنے والے ٹی وی اور ریڈیو کے ہر دلعزیز کمپیئر اپنی حاضر جوابی میں بے مثال تھے۔ بیک وقت اردو، انگریزی اور پنجابی زبانوں پر عبور ان کی پہچان کی وجہ بنا اور اِن تینوں زبانوں میں برجستہ مزاح ان کی کمپیئرنگ کا خاصہ تھا۔پی
 
ٹی وی کو پنجابی میں پہلا کوئز شو شروع کرنے کا آئیڈیا دلدار پرویز بھٹی نے دیا اور ’’ٹاکرا‘‘ نامی اس پروگرام سے اپنے فنی سفر کا آغاز کیا۔اس کے علاوہ میلہ، یادش بخیر اور پنجند جیسے مقبول عام پروگرام بھی کامیابی سے پیش کئے۔وہ پی ٹی وی سے 1974 سے 1994 تک منسلک رہے اور اس دوران انہوںنے کمپیئرنگ کو نئی جہتوں سے روشناس کرایا اور اپنے علم و فراست، شائستگی اور حاضر دماغی سے لاکھوں دلوں میں جگہ بنائی۔انہوں نے ٹی وی پر جواں فکر کے نام سے بھی پروگرام پیش کیا اور اخبارات میں کالم بھی لکھتے رہے اور اپنی زندگی میں تین کتابوں کو تحریر کیا، جن میں 'دلداریاں، آمنا سامنا اور دلبر دلبرنمایاں ہیں۔30 اکتوبر 1994 میں امریکہ میں شوکت خانم کینسر ہسپتال کے لئے فنڈز جمع کرنے کے دوران دماغ کی شریان پھٹ جانے سے دلدار پرویز بھٹی کا انتقال ہوا۔دلدار بھٹی کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے دلدار لورز فورم کی جانب سے 26نومبر کو الحمرا میں پہلا ’’ دلدار ایوارڈ شو ‘‘ منعقدکیا جائے گا ۔