05:51 pm
لاہور قلندرز کو بڑا دھچکا۔۔ زخمی محمد حفیظ ٹیم سے باہر۔۔ نئے کپتان کا اعلان ہو گیا

لاہور قلندرز کو بڑا دھچکا۔۔ زخمی محمد حفیظ ٹیم سے باہر۔۔ نئے کپتان کا اعلان ہو گیا

05:51 pm

دبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) لاہور قلندرز کے کپتان محمد حفیظ زخمی ہوگئے ہیں جس کے باعث آج پشاور زلمی کے خلاف میچ میں اے بی ڈویلیئرز قیادت کے فرائض انجام دیں گے۔محمد حفیظ گزشتہ روز کراچی کنگز کے خلاف میچ کے دوران کولن انگرام کی گیند روکتے ہوئے انگوٹھے پر چوٹ لگنے کی وجہ سے زخمی ہوگئے تھے اور ابتدائی سکین کے بعد انہیں چند روز آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔38سالہ محمد حفیظ کی غیر موجودگی میں جنوبی افریقہ کے سابق کپتان اور مایہ ناز بلے باز اے بی ڈویلیئرز ٹیم کی قیادت کریں گے۔اے بی ڈویلیئرز پہلی مرتبہ پاکستان سپر لیگ( پی ایس ایل) کا حصہ بنے ہیں اور وہ محمد حفیظ کی غیر موجودگی میں آج پشاور زلمی کے خلاف میچ میں لاہور قلندرز کی قیادت کریں گے۔
یاد رہے کہ لاہور قلندرز کی ٹیم اب تک ایونٹ میں دو میچز کھیل چکی ہے، ایونٹ کے افتتاحی میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے اسے با آسانی شکست دی جب کہ گزشتہ روز قلندرز نے کراچی کنگز کو 22 رنز سے شکست دی تھی۔ یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے زیر اہتمام پاکستان سپر لیگ کا چوتھا ایڈیشن 14 فروری سے یو اے ای اور پاکستان میں شروع ہوگیا ہے ، لیگ کا فائنل 17مارچ کو کراچی میں کھیلا جائے گا، لیگ میں 6 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلئے پنجہ آزمائی کریں گی، لیگ راؤنڈ روبن فارمیٹ کے تحت کھیلی جائے گی۔

تازہ ترین خبریں