06:36 pm
کوئٹہ کی ٹیم پی ایس ایل 4کی چیمپئن بن گئی ،پشاورکو8وکٹوں سے شکست

کوئٹہ کی ٹیم پی ایس ایل 4کی چیمپئن بن گئی ،پشاورکو8وکٹوں سے شکست

06:36 pm

کراچی(ویب ڈیسک) پاکستان سپرلیگ کافائنل کوئٹہ نے 8وکٹوں سے جیت لیا۔کوئٹہ کی ٹیم نے پشاورکی جانب سے دیاگیا139رنز کاٹارگٹ2وکٹوں کے نقصان پرپوراکرلیا۔کوئٹہ کی ٹیم کی جانب سے احمدشہزادنمایاں سکورررہے انہوںنے 54جبکہ رائیلی روسونے 39رنز بنائے ۔پی ایس ایل فور کے فائنل میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 139 رنز کا ہدف دیا کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلےگئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیتا اور فیلڈنگ کو ترجیح دیتے ہوئے زلمی کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی، گلیڈی ایٹرز کے بولرز کی نپی تلی بولنگ کے سامنے بیٹسمین جم کر نہ کھیل سکے
اور تیز رفتاری سے رنز بنانے کی کوشش میں وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتے رہے، زلمی کی ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 138 رنز ہی بنا سکی۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے نوجوان پیسرمحمد حسین نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے زلمی کی مضبوط بیٹنگ لائن کو اکھاڑ پھینکا اور صرف 4 اوورز کے کوٹے میں تیز رفتار بولنگ کرتے ہوئے 30 رنز دے کر 3 اہم وکٹیں حاصل کیں۔زلمی کے مستقل اوپنرز امام الحق اور کامران اکمل نے اننگز کا آغاز محتاط انداز میں کیا تاہم بائیں ہاتھ کے بیٹسمین امام الحق جلد بازی میں صرف 3 رنز پر اونچی شارٹ کھیلتے ہوئے پیسر محمد حسنین کا شکار ہوگئے جس کے بعد 31 کے مجموعے پر کامران اکمل 21 رنز بنا کر چلتے بنے، زلمی کی تیسری وکٹ 62 رنز پر صہیب مقصود کی صورت میں گری جو 20 رنز بنا کر چلتے بنے۔بائیں ہاتھ کے بیٹسمین عمرامین نے کچھ مزاحمت دکھائی اور 38 رنز بنائے ،نبی گل 9، پولارڈ7، سیمی 18 اور وہاب ریاض 12 رنز بنا کرآؤٹ ہوئے، جورڈن بغیر کھاتہ کھولے پویلین لوٹے۔کوئٹہ کی جانب سے حسنین نے 3، براوو نے 2، فواد احمد اور محمد نواز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔واضح رہے کہ کوئٹہ کی ٹیم تیسری بار فائنل تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی لیکن تاحال وہ پہلی ٹرافی کی راہ دیکھ رہے ہیں اور پشاور زلمی بھی تیسری بار فیصلہ کن معرکے میں پہنچی ہے، دونوں فرنچائز اس سے قبل 2017 کے ایڈیشن میں بھی مدمقابل آچکے ہیں، جس میں پشاور زلمی نے اولین بار چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا تاہم اس بارکوئٹہ گلیڈی ایٹرزکے پاس 2برس قبل ملنے والی ناکامی کا حساب چکتا کرنے کا موقع ہے۔پاکستان سپر لیگ کی تاریخ کے کامیاب ترین بیٹسمین کا ریکارڈ سردست پشاور زلمی میں شامل کامران اکمل کے نام ہے، انھوں نے مجموعی طورپر 46میچز میں 45 اننگز میں 1265 رنز جوڑے، شین واٹسن 1107، بابراعظم1043، احمد شہزاد958 اور شعیب ملک 849 رنز بناکر نمایاں ہیں، کسی ایک ایڈیشن میں اب تک سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ لیوک رونکی کے قبضے میں ہے، انھوں نے 2018 ء کے ایڈیشن میں11 میچز میں 435 رنز بنائے ہیں، تاہم اس بار شین واٹسن ان کا ریکارڈ توڑسکتے ہیں، انھیں اس کے لیے مزید 13 رنز درکار ہیں، واٹسن اب تک 423 رنز بناکر آل ٹائم فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں۔