10:58 am
فکسنگ الزامات؛ لوکو ہیٹگے آئی سی سی کی بھی پکڑ میں آگئے

فکسنگ الزامات؛ لوکو ہیٹگے آئی سی سی کی بھی پکڑ میں آگئے

10:58 am

اسلام آباد(نیو زڈیسک) سری لنکا کے سابق آل رائونڈر دلہارا لوکو ہیٹگے آئی سی سی کی بھی پکڑ میں آگئے جب کہ ورلڈ گورننگ باڈی نے ان پر کرپشن کے 3 تازہ ترین چارجز عائد کردیے۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے سری لنکا کے سابق آل رائونڈر دلہارلوکو ہیٹگے پر اپنی اینٹی کرپشن کوڈ کے تحت 3 تازہ ترین چارجز عائد کردیے ہیں، صرف پانچ ماہ قبل ان پر امارات کرکٹ بورڈ نے بھی فکسنگ کے چارجز عائد کیے تھے۔ اے سی یو کے چارجز بھی
ای سی بی سے ملتے جلتے ہی ہیں۔آئی سی سی کے اینٹی کرپشن یونٹ کی جانب سے عائد کیے گئے چارجز میں لوکوہیٹگے پر فکسنگ میں ملوث ہونا، اس کیلیے اثررسوخ استعمال کرنا، حوصلہ افزائی کرنا یا پھر سہولت کاری کرنا اور کرپشن تحقیقات میں تعاون نہ کرنا شامل ہے۔یاد رہے کہ گذشتہ برس نومبر میں امارات کرکٹ بورڈ نے ان پر 2017 کے ٹی 10 ٹورنامنٹ کے حوالے سے فکسنگ میں ملوث ہونے کے الزامات عائد کیے تھے، جس کے بعد آئی سی سی نے انھیں معطل کردیا تھا تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ تازہ ترین چارجز اسی ٹی 10 ٹورنامنٹ کے حوالے سے ہیں یا نہیں۔دلہارالوکوہیٹگے کو اب چارجز کا جواب دینے کیلیے 14 دن کا وقت دیا گیا ہے۔ اگرچہ وہ آسٹریلیا میں مقیم اور سری لنکا کرکٹ کے براہ راست ملازم نہیں ہیں تاہم ان کا سری لنکن کوچز پر کافی اثررسوخ ہے۔گزشتہ برس سامنے آنے والی الجزیرۃ چینل کی ڈاکومینٹری میں لوکوہیٹگے کو فکسنگ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔واضح رہے کہ وہ فکسنگ الزامات کی وجہ سے معطل ہونے والے سری لنکا کے تیسرے کرکٹر ہیں، ان سے قبل سابق آل رائونڈر سنتھ جے سوریا کو کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر دو برس پابندی کی سزا ہوچکی جبکہ سابق فاسٹ بولر نوان زوئیسا بھی معطل ہیں۔

تازہ ترین خبریں